معاہدے پر عمل نہ کیا گیا تو سول نافرمانی کی کال دیں گے،جماعت اسلامی

لاہور :(اپنے نمائندے سے)جماعت اسلامی کا وزیراعلیٰ ہاﺅس کے باہر احتجاج،معاہد ے پر عمل نہ ہونے پر سول نافرمانی ، ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دےدی۔

وزیراعلیٰ ہاوس کے باہر احتجاجی مظاہرے سے مختصر خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہااسلام اقلیتوں کا سب سے بڑا علمبردار ہے، پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہوں گی تو ترقی کا راستہ بنے گا،ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ارشد ندیم کی محنت ثبوت قوم میں طاقت موجود ہے، کھیلوں کو فروغ دیا جائے تو ہر کھیل میں ترقی کریں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا حکومت کےساتھ ہونےوالے تحریری معاہدے میں لکھا بجلی کی قیمتیں ناقابل برداشت ہیں، سرکاری ملازمین اپنی مراعات چھوڑیں ، 1300 سی سی تک گاڑی استعمال کریں، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف ،بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہاوفاق نے اعلان کیا صوبوں کےساتھ ملکر جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے گا،حکومت کو فرار نہیں ہونے دیں گے، معاہدہ تکمیل تک نہ پہنچا تو پھر دھرنا ہوگا۔

امیر العظیم نے کہا حکومت سے 45 دن کا معاہدہ کیا،ٹائم فریم پر عمل نہ کیا گیا تو سول نافرمانی ، ملک گیر ہڑتال کی کال دیں گے، جماعت اسلامی نے 25 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑا ،مہنگی بجلی،ظالمانہ ٹیکسز اور آئی پی پیز سے چھٹکارا ہی عام آدمی کی خوشحالی کی ضمانت ہے،اسلام آباد میں دھرنا دے کر تاریخ رقم کردی،رہنما جماعت اسلامی نے کہا حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ،بھر پور مہم چلائی،حکومت سستی کا مظاہرہ کرے گی تو اپنے لیے مسائل پیدا کرے گی،جماعت اسلامی ملک مخالف قوتوں کا ایندھن نہیں بننا چاہتی،پر امن جمہوری سیاسی جدو جہد پر یقین رکھتے ہیں۔