اسرائیلی ہٹ دھرمی اور مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے: سردار ایاز صادق

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اسرائیل انسانیت سوز مظالم کے ذریعے فلسطینیوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے، اسرائیل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے، اسرائیلی ہٹ دھرمی اور مظالم کے آگے اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسرائیلی فورسز کی غزہ سٹی میں سکولوں پر بمباری اور جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل انسانیت سوز مظالم کے ذریعے فلسطینیوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے، اسرائیل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے، اسرائیلی ہٹ دھرمی اور مظالم کے آگے اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 100 سے زائد معصوم اور بے گناہ فلسطینی شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر ظلم اور بربریت کی جو دستان رقم کی ہے اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ اسرائیلی مظالم اور بربریت پر انسانیت شرمندہ ہے، اقوام متحدہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم اور جارحیت کے خلاف منظور ہونے والی اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینی عوام اور حکومت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔