اسلام آباد:(بیورورپورٹ)دفتر خارجہ نے کہاہے ایران کو شاہین میزائل دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، بنگلہ دیش کے واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے کی بھارتی رپورٹس ذہنی جنون کی عکاسی کرتی ہیں،امریکہ کےساتھ رابطہ کیا،آصف مرچنٹ کے معاملے پر مزید تفصیلات کا انتظارکررہے ہیں۔
ہفتہ وار بریفنگ میںترجمان ممتاززہرا بلوچ نے کہا پاکستان امریکہ کےساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،دونوں ممالک میںانسداد دہشتگردی و سکیورٹی امور پر متعدد چینلز موجود ہیں، دوست ممالک کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے، امید رکھتے ہیں امریکی کانگریس تعلقات میں بہتری کےلئے کردار ادا کرے گی،پاکستان ،بنگلہ دیش کے مثبت تعلقات ہیں، ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش کے نئے سربراہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی، وزیراعظم نے پروفیسر یونس کو مبارکباد دیتے ہوئے ساتھ کام کرنے کی خواہش کی ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا امید ہے بنگلہ دیش میں حالات جلد نارمل ہو جائیں گے، بنگلہ دیش کے واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے کی تمام رپورٹس بھارتی ذہنی جنون کی عکاسی کرتی ہیں،پاکستان کی جانب سے ایران کو شاہین میزائل دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، نائب وزیراعظم ،وزیر خارجہ نے فلسطین کی موجودہ صورت حال پر او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی اورفلسطین میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد بلا تعطل جاری رکھنے پر زور دیا۔
ممتاز زہر ہ بلوچ نے کہا5اگست کو 5 سال مکمل ہونے پر یوم استحصال کشمیر منایا گیا، کشمیری بھائیوں کی سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھےں گے، بھارتی میڈیا پاکستان کےخلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے،سلامتی کو نسل قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہےں، پاکستان خطے میں قیام امن کےلئے کوششیں جا ری رکھے گا،پوری قوم ارشد ندیم کوسونے کا تمغہ جیتے پر مبارکباد پیش کر تی ہے،پاکستانی شہریوں کےلئے متحدہ عرب امارات کے ویزہ پر پابندی نہیں ،برطانیہ میں پیش آنے واقعات کو بغور دیکھ رہے ہیں۔
ایران کو شاہین میزائل دینے کی خبروں میں صداقت نہیں، دفتر خارجہ
















