توشہ خانہ کیس، ملزم کا کہنا شامل تفتیش نہیں ہوں گا ناقابل قبول ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد، راولپنڈی (بیورو رپورٹ) ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے یہ ناقابل قبول ہے کہ ملزم کہے میں شامل تفتیش نہیں ہوں گا،توشہ خانہ سے متعلق نئے کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ کی گرفتاری خلاف قانون قرار دینے کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کی،دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے نیب کے جواب کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا جو مرضی ہو جائے میں شامل تفتیش نہیں ہوں گا،یہ ناقابل قبول ہے کہ ملزم کہے میں تفتیش میں تعاون نہیں کروں گا،وکیل سلمان صفدر نے کہا جسمانی ریمانڈ کا معاملہ تو بعد میں آئے گا پہلے نیب کا کنڈکٹ دیکھ لیں جس پر عدالت نے کہا آپ کی اسی نوعیت کی ایک درخواست پہلے ہی زیرسماعت ہے،ہم فائل چیف جسٹس کو بھیج دیتے ہیں پھر وہ فیصلہ کریں گے کہ کیسز کو یکجا کر کے کس بنچ میں لگائیں،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا احتساب عدالت کا جج کون تھا؟ جس پر وکیل نے بتایا علی وڑائچ احتساب عدالت کے جج تھے جبکہ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ہماری درخواستوں پر سماعت کی، پہلی سماعت پر نوٹس جاری کرنے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کی درخواست پر سماعت نہیں ہوئی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچنے کیس کی فائل چیف جسٹس عامر فاروق کو بھجوا دی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا چیف جسٹس کیس پہلے سے اسی نوعیت کی درخواستوں کے ساتھ یکجا کریں،عدالت نے کہا چیف جسٹس درخواستوں کو یکجا کر کے جلد دستیاب بنچ کے سامنے سماعت کےلئے مقرر کریں جبکہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں نئے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کا مزید 11 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریمانڈ منظور کیا،نیب نے دونوں ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، عدالت نے 19 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کیا،دوسری جانب راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاو¿نڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس پر سماعت کی،اس دوران عمران خان اور بشریٰ کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، نیب ٹیم پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں پیش ہوئی،دوران سماعت بانی پی ٹی آئی نے میڈیکل چیک اپ کیلئے درخواست دائر کر دی تاہم وکلاءصفائی کی عدم دستیابی پر عدالت نے سماعت بغیر کارروائی 12 اگست تک ملتوی کر دی۔