اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں مسلسل جدت اور ترقی پاکستان کے معاشی استحکام کےلئے ناگزیر ہے۔ وہ منگل کوپاکستان میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی نمائندہ فلورنس رولے سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ملاقات میں فوڈ سکیورٹی اور زرعی ترقی سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ زراعت کی ترقی پاکستان کو درپیش بہت سے معاشی مسائل کا حل ہے، زراعت ملک میں خوشحالی، غذائی تحفظ اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتی ہے،زرعی شعبے میں مسلسل جدت اور ترقی پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن کا کردار بہت حوصلہ افزا ہے، زراعت کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے کسانوں کی سہولت کیلئے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں، جدید فصلوں کی پیداوار کے حوالے سے کسانوں کی استعداد کار بڑھانے کےلئے انکی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ایف اے او زراعت کی ترقی اور پیداوار پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے رہنمائی مہیا کر سکتا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن کی نمائندہ فلورنس رولے نے کہاکہ فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن پاکستان میں زرعی شعبے کو آگے بڑھانے کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گی، پاکستان میں کسانوں اور محققین کی صلاحیت بڑھانے پر ملکر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زرعی شعبے میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کےلئے دیگر سٹیک ہولڈرز کیساتھ ملکربھی کام کر رہے ہیں۔
زرعی شعبے میں مسلسل جدت و ترقی معاشی استحکام کےلئے ناگزیر ہے: رانا تنویر حسین
















