لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے چین آئرن برادر ملک،معاشی شراکت داری کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کرینگے،دیرینہ دوست کےساتھ دوستی ،تعلقات پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
شہباز شریف کی زیرصدارت ماڈل ٹاﺅن میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا،وفاقی وزرا ءاورنگزیب، خواجہ آصف، عطاتارڑ، مصدق ملک، رانا تنویر، علی پرویز ملک سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی،موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر اہم مشاورت کی گئی،وزیر خزانہ اورنگزیب نے شرکا کو تاجر برادری سے ہونےوالی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہاکوشش ہے غریب و متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں،ملک کو جلد معاشی گرداب سے نکالےں،برآمدات زیادہ سے زیادہ بڑھانا اور درآمدات کو کم کرنا چاہتے ہیں،دریں اثناچین کے سرکاری ادارے ”چائنا پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن“ کی دعوت پر چین کے سرکاری دورے سے واپس آنےوالے صحافیوں کے 7رکنی وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی،دورہ بیجنگ کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر شہبازشریف نے کہااپنے حالیہ دورہ بیجنگ میں اہم مقاصد حاصل کئے ، چین کو باضابطہ طور پر پاکستانی قرضوں کو 5 سال کےلئے ری شیڈول کرنے کی درخواست کی گئی، امید ہے چینی حکومت مثبت ردعمل کا اظہار کرے گی،چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے ،ہر مشکل وقت میں ہاتھ تھاما،چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے قومی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں پر تمام سٹیک ہولڈرز کو سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہاجب جب قوم کی خدمت کا موقع ملا خود سے عہد کیا تمام تر توانائیاں ملکی ترقی پر مرکوز کروں،اپنے حالیہ دورہ بیجنگ میں چینی قیادت اور عوام کی جانب سے مثالی مہمان نوازی پر مشکور ہیںمفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر پیشرفت کی خود نگرانی کر رہا ہوں،پاکستان میں چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں،چین جیسے دیرینہ دوست کےساتھ تعلقات پر سیاست کی کسی بھی قسم کی گنجائش نہیں،چینی عوام کی ترقی یکجہتی میں پنہاں ہے، پاکستانی عوام کو بھی معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کےلئے مٹھی کی طرح یکجا ہونا پڑے گا۔
شہبازشریف نے کہاچینی باشندوں کی حفاظت پر حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں، سی پیک جاری ہے اور جاری رہے گا، کوشش ہے منصوبوں کو اپنی حکومت کے دور میں جلد از جلد مکمل کریں،مہنگائی و بجلی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں ،آئی پی پیز پر ترجیحات کا جائزہ لے رہے ہیں،200یونٹس تک کے صارفین کو ریلیف دیا ،اگلے کچھ عرصے میں چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی۔
وفد نے دورہ بیجنگ کے دوران ہونےوالی ملاقاتوں کی بنیاد پر وزیراعظم کو آگاہ کیا چین پاکستان کےساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے،چینی قیادت ،عوام میںسرمایہ کاری بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کام کی موجودہ رفتار و منصوبوں کی تکمیل کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی اقدامات پر اطمینان کا تاثر پایا جاتا ہے،چینی عہدیداروں نے شہباز سپیڈ کا بارہا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم کے اصلاحاتی اقدامات کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان،چیئرمین زاہد ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ احمد زاہد ودیگر نے بھی ملاقات کی ،ملکی معاشی حالات و صنعتی مسائل پر بات چیت کی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے احمد زاہد کو ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش چیلنجز و مشکلات کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ،احمد زاہد چیئرمین زاہد جی ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور ملکی سلامتی خوشحالی و تعمیر و ترقی کیلئے حکومتی کاوشوں پر نیک خواہشات کا اظہار کیا،سید شعیب شارق بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ٹریک اینڈ ٹریس کے معاملے پرمنعقدہ جائزہ اجلاس میں تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی،شہبازشریف نے وزیرمملکت خزانہ کو ایف بی آر ٹرانسفارمیشن منصوبے کی نگرانی کی ذمہ داری اور معاشی ٹیم کو ایف بی آر کی ٹرانسفارمیشن کی رفتار تیز کرنے کا ہدف دیتے ہوئے کہامکمل ڈیجیٹائزیشن و جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ری سٹرکچرنگ ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہے،ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی خرابیوں اور بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کےخلاف فوری کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے کہاٹیکس نظام کی بہتری کےلئے ایف بی آر کی اصلاحات بہت ضروری ہیں،غریب عوام کی ایک ایک پائی بچانے کےلئے دن رات محنت کریں گے،ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن ترجیح ہے، کسی قسم کا تعطل قبول نہیں۔
مزید برآں یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہابھارت 5 اگست 2019 کے یکطرفہ و غیر قانونی اقدامات واپس لے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، جموں و کشمیر کے تنازع کے حل پر منحصر ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی کے حصول کیلئے بھارت کو ہر حال میں تنازعات سے انکار کی بجائے حل کی طرف بڑھنا ہوگا، عالمی برادری غیر قانونی طور پر بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکے۔
شہبازشریف نے کہا بھارت اپنی افواج کو نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے کی کھلی آزادی دینے والے قوانین کو ختم کرے ،سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے،پاکستان کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب حکومت نے جشن آزادی بھرپور طریقے سے منانے کافیصلہ کرلیا،وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں تقریبات کی تیاریوں کیلئے10 رکنی کمیٹی تشکیل دےدی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 10 رکنی کمیٹی میں وزیر پٹرولیم مصدق ملک، وزیر اطلاعات عطاتارڑ ، کوآرڈی نیٹر رانا مشہود ، جوائنٹ سیکرٹری میڈیا عبدالکبر اور ڈپٹی سیکرٹری پریس ملیحہ شاہد شامل ہیں،سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری اطلاعات اور وزیر اعظم کے میڈیا کوآرڈی نیٹر بدر شہباز بھی کمیٹی کا حصہ ہیں،کمیٹی 3 روز کے اندر 14 اگست کے پروگرام، وزیر اعظم کی تقریر اور پیغام پر کام کر کے سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔
غریب و متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی ترجیح، چین کےساتھ تعلقات پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،وزیراعظم
















