لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس نے یوم شہداءپولیس بھرپور جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا۔ پولیس شہدا ڈے کی مرکزی تقریب کا انعقاد پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں کیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، کمانڈنٹ ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ سمیت سینئر پولیس افسران اور شہداءکے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کالج آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین تعلیمی کارکردگی کے حامل شہدا پولیس کے بچوں میں 65 لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔ شہدا پولیس کے بچوں کی بائیسکلز سمیت دیگر تحائف سے حوصلہ افزائی کی گئی۔ پروگرام میں شہداءپولیس کے بچوں اور اہلخانہ نے شہدا کی یاد میں نظمیں اور ٹربیوٹ مضامین پیش کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہداءپولیس کی لازوال قربانیوں کو شایان شان خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوان ہمارے اصل ہیروز ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کوئی بھی شے شہداءپولیس کی لازوال قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی ، امن شہداءکی بے مثال قربانیوں کا مرہون منت ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پوری قوم پولیس کے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے ، چار اگست پولیس فورس کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فرض کی راہ میں گولیوں کے سامنے سینہ سپر ہونے والے پولیس فورس کے 100 غازیوں کو ایک کروڑ روپیہ دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آج کے دن پہلے سے بڑھ کر محنت ، فرض شناسی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
کوئی شے شہداءکی قربانیوں کا نعم البدل نہیں: آئی جی پنجاب
















