اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پشاور ہائیکورٹ کافیصلہ درست،پی ٹی آئی کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا ،ریاستی ادارے آئین کیخلاف عدالت کا کوئی فیصلہ ماننے کے پابند نہیں،پی ٹی آئی کو ریلیف آئین کے برعکس تخلیق کیا گیا ، آرٹیکل51، 63 اور 106 کو معطل کرنا ہوگا،جسٹس امین الدین اور نعیم اختر افغان نے اختلافی فیصلہ جاری کردیا۔
دونوں ججز کا اختلافی فیصلہ 29 صفحات پر مشتمل اورسنی اتحاد کونسل کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے 4خطوط بھی شامل ہیں۔
اختلافی فیصلے میں کہا گیا ثابت شدہ حقیقت ہے سنی اتحاد کونسل نے بطور سیاسی جماعت عام انتخابات میں حصہ نہیں لیا،سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے بھی آزاد حیثیت میں انتخاب لڑا،ججز نے سوالات اٹھاتے ہوئے کہا 15 دن گزرنے کے باوجود تفصیلی فیصلہ نہیں آسکا، تفصیلی فیصلے میں تاخیر نظرثانی کو غیر موثر کر سکتی ہے، تفصیلی فیصلے میں تاخیر کے باعث مختصر حکم نامے پر ہی اپنی فائنڈنگ دے رہے ہیں۔
دونوں ججز نے اختلافی نوٹ میں کہا پی ٹی آئی کیس میں فریق نہیں تھی،ریلیف دینے کیلئے آرٹیکل 175 ،185 میں تفویض دائرہ اختیار سے باہر جانا ،آئین کے آرٹیکل 51، 63 اور106 کو معطل کرنا ہو گا،اکثریتی فیصلے میں قانون کی بنیادی دفعات و آئین کو نظر انداز کیا گیا،پی ٹی آئی کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا کیونکہ وہ عدالت کے سامنے درخواست گزار نہیں تھی۔
اختلافی فیصلے میں کہا گیاپی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن ،ہائی کور ٹ کے سامنے فریق بننے کی کوشش کی نہ مخصوص نشستوں کا حقدار ہونے کا دعویٰ کیا،اکثریتی فیصلے کی بنیاد پر 80 ممبران اسمبلی نیا بیان حلفی نہیں دے سکتے اگر ممبران اسمبلی ایسا کرتے ہیں تو حلف کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے،ریاست کے آئینی ادارے آئین کیخلاف عدالت کا کوئی فیصلہ ماننے کے پابند نہیں۔
دونوں ججز نے کہاپشاور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کوئی سقم موجود نہیں، پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے سنی اتحاد کونسل کی اپیلوں کو خارج کرنے کا فیصلہ درست تھا،الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کی روشنی میں مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں تقسیم کیں،اکثریتی فیصلے سے 80 ارا کین آرٹیکل 62 ون ایف کے مطابق ایماندار ،امین نہیں رہیں گے، سنی اتحاد کونسل سے 80 اراکین چھین لیے گئے، عدالت نے 80ممبران کو سنا بھی نہیں،آزاد امیدواروں کو الیکشن کمیشن نے قومی و تینوں صوبائی اسمبلیوں میں طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد تسلیم کیا، 39 یا 41 اراکین اسمبلی جس کا مختصر اکثریتی فیصلے میں حوالہ دیا گیا معاملہ کبھی متنازع ہی نہیں تھا،کسی عدالتی کارروائی میں اعتراض نہیں اٹھایا گیا۔
اختلافی نوٹ میں مزید کہا گیاسپریم کورٹ میں فیصلہ جاری ہونے تک پی ٹی آئی فریق نہیں تھی،13 رکنی فل کورٹ کی 8سماعتوں میں سب سے زیادہ وقت کا استعمال ججز کے سوالات پر ہوا، دوران سماعت کچھ ججز نے سوال پوچھا کیا مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دی جا سکتی ہیں؟ کوئی بھی وکیل متفق نہ ہوا،کنول شوزب کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے بھی دلائل میں واضح کہا مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے سے اتفاق نہیں کرتا۔
پی ٹی آئی کو ریلیف آئین کے برعکس تخلیق ، آرٹیکل51، 63 اور 106 کو معطل کرنا ہوگا،2ججز کااختلافی فیصلہ



















