راولپنڈی :(بیورو رپورٹ) فوجیوں کو بغاوت پر اکسانے کا جرم ثابت، لیفٹیننٹ کرنل (ر) اکبر حسین کا کورٹ مارشل، 14 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں ریٹائرڈ افسر لیفٹیننٹ کرنل اکبر حسین کو پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی گئی۔ مجاز عدالت نے الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے قانونی عمل کے ذریعے 10 مئی 2024 کو 14 سال سخت قید کی سزا سنائی، 26 جولائی کو رینک بھی ضبط کرلیا گیا۔ ریٹائرڈ کرنل اکبر حسین پر فوجی اہلکاروں کو فرض کی ادائیگی کے دوران بغاوت پر اکسانے کا الزام تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بیرون ملک مقیم اکبر حسین پاک فوج کےخلاف منفی پروپیگنڈے میں شامل ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خیبرپختونخوا میں بدامنی، سول وار کی جھوٹی خبریں پھیلائیں، 9 مئی واقعات کے دوران عوام کو انتشار اور شرپسندی پر اکسایا، بلوچستان میں دہشت گردی واقعات کا الزام بھی فوج پر لگایا۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد ملک دشمن عناصر کی ایما پر اکبر حسین ریاست مخالف پروپیگنڈے میں مصروف ہے، پاک فوج کا نام استعمال کرکے فارن فنڈنگ بھی حاصل کرتا رہا، اکبر حسین پر غداری اور فارن فنڈنگ پر کام کرنے کے الزامات بے شمار شواہد و ثبوتوں سے ثابت ہوچکے۔
بغاوت کا جرم ثابت، لیفٹیننٹ کرنل (ر) اکبر حسین کا کورٹ مارشل، 14 سال قید
















