راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے پولی گرافک ،وائس میچنگ سمیت 3ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا۔۔
ذرائع کے مطابق سانحہ 9 مئی میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے لاہور پولیس کی تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ،بانی چیئرمین نے پنجاب فرانزک سائنس کے ماہرین کو 3 ٹیسٹ دینے سے انکار کردیا،عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کیلئے لاہور پولیس اڈیالہ پہنچی، پولیس کی تفتیشی ٹیم کےساتھ پنجاب فرانزک سائنس کے ماہرین بھی تھے،ڈی ایس پی جاوید کی سربراہی میں انسپکٹر رانا اکمل،رانا ارحم،عالم لنگڑیال،رانا منیر،علی پر مشتمل لاہور پولیس ٹیم جیل کے اندر روانہ ہوئی ان کےساتھ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) کے عابد ایوب، انسپکٹر وقاص خالد تھے۔
پی ایف ایس اے ماہرین نے بانی چیئرمین کا جھوٹ پکڑنے والا پولی گراف ٹیسٹ،وائس میچنگ، فوٹو گرامیٹری کرنا تھا۔
تفتیش کے دوران پولیس نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے مختلف سوالات کیے تو بانی چیئرمین نے سوالات کے جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا مجھے پولیس پر اعتبار نہیں،تفتیشی ٹیم کے سربراہ ڈی ایس پی جاوید آصف نے کہا آپ پولیس کے تفتیشی افسران سے تعاون کریں ہم آپ کےساتھ انصاف کریں گے۔
ڈی ایس پی جاوید آصف کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پر بانی پی ٹی آئی نے 15 منٹ تک پولیس کے سوالات کے جوابات دئیے تاہم تفتیش کے دوران بانی چیئرمین نے پنجاب فرانزک سائنس کے ماہرین کو 3 ٹیسٹ دینے سے انکار کردیا،انہوں نے پی ایف ایس اے کی ٹیم کو کہا میں بہت سے تفتیشی اداروں کے زیر تفتیش ہوں فی الحال کوئی ٹیسٹ نہیں کراوں گا، مختلف ٹیسٹ کرنے کے حوالے سے بعد میں پولیس کو وقت دوں گا،تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر لاہور پولیس ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس چلی گئی
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کےخلاف درخواستوں پر پراسکیوشن سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،عدالت نے عمران خان پر درج مقدمات اور الزامات کی تفصیلات اور پراسیکیوٹر جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو طلب کرلیا۔
علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ کی درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہم کرنے کےلئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرکے درخواست کو سماعت کےلئے مقرر کر دیا۔
سانحہ 9مئی،عمران خان کاپولی گرافک ،وائس میچنگ سمیت 3ٹیسٹ کرانے سے انکار
















