پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ،پنجاب میں سڑک پر اسمبلی

اسلام آباد،لاہور :(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ،پنجاب میںسڑک پر اسمبلی لگا لی ۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی قیادت میں بھوک ہڑتالی کیمپ دوپہر 3سے شام 7بجے تک جاری رہا،بیرسٹر گوہر،اسد قیصر، شبلی فراز ،شیخ وقاص اکرم، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت متعدد رہنماﺅں نے شرکت کی ،پی ٹی آئی کی قیادت نے فیصلہ کیا مطالبات تسلیم نہ ہونے پر بھوک ہڑتال کا دائرہ کار وسیع کردیا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے کہاایوان میں بہت سے اجنبی بیٹھے،غیر آئینی وغیر قانونی کام کیخلاف آواز بلند کرتے رہےں گے،احتجاج کا مقصد ناانصافی ، زیادتی ختم کرنا اور بانی پی ٹی آئی کو آزادی دلانا ہے،شبلی فراز نے کہا بھوک ہڑتالی کیمپ کا دائرہ کار دیگر اسمبلیوں تک بڑھائیں گے، بھوک ہڑتالی کیمپس ڈویژنز تک لیکر جائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی کاز کو بھولنے نہیں دیں گے،کیمپ کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے، ہمیں ڈیجیٹل دہشتگرد کہہ رہے ہیں ،پاکستان سے محبت کا مینڈیٹ 8 فروری کو ملا، ہارنے والوں کو ایوان میں بٹھایا گیا۔

قبل ازیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا پی ٹی آئی کوکسی سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، باور کراناچاہتے ہیںپی ٹی آئی محب وطن جماعت ہے، کوئی پابندی نہیں لگ سکتی ، بانی پی ٹی آئی کا نظریہ تمام پابندیوں سے بالاترہوکرنکلے گا،چیف جسٹس سے گزارش ہے عدالتی فیصلے پرعملدرآمد کرائیں۔

اسد قیصر نے کہاپی ٹی آئی پر پابندی لگانا حکومت کی خواہشات ہو سکتی ہے مگر بس کی بات نہیں،پارلیمنٹ بے توقیر ہو گئی،پوری دنیاعمران خان کےساتھ کھڑی ہے،گارنٹی سے کہتا ہوں آئندہ ن لیگ کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ہو گا۔

ادھر پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے اجلاس خود بلاکر سڑک پر اسمبلی لگا لی،اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر نے کہا 11اراکین کو معطل کیاگیا، اسمبلی میں داخلہ بند اوراپوزیشن چیمبر کو تالے لگائے گئے، فارم 47 کی حکومت سمجھتی ہے جھک جائیں گے تو ایسا نہیں ہوگا،بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی تک احتجاج جاری رکھیں گے، سپیکر کا اقدام عدالت میں چیلنج کریں گے، حکمران سیاسی انتقام کی بجائے عوام کو ریلیف دیں،اپوزیشن اراکین نے عوامی اسمبلی میں عافیہ صدیقی کی رہائی، مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل ،بجلی کی بڑھتی قیمتوں کےخلاف قرارداد منظور کرلی۔