سرکاری محکموں کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھایا جائے:مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں چکن کی قیمت میں مصنوعی اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا گیا،وزیراعلیٰ نے کہا چکن کے ریٹ بڑھ گئے، ذمہ دار ادارے کہاں ہیں؟ چکن پنجاب بھر میں عوام کے زیادہ استعمال کی چیز ہے، ریٹ بڑھنا گوارا نہیں، پولٹری والے بزنس کریں جائز منافع کمائیں، عوام پر ناجائز بوجھ نہ ڈالیں، عوام کا احساس ہے، مافیاز کو مہنگائی کی اجازت نہیں دے سکتے، کسی کا نقصان نہیں چاہتے مگر کیا عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں؟ مہنگائی کسی صورت قابل قبول نہیں، تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں مانیٹرنگ کریں،مریم نواز نے چکن کی قیمت کا تعین کرنے کےلئے ریگولیٹری میکنزم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا چکن کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر نہیں ہونی چاہئیں ، نرخ پر نظر رکھی جائے دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے سرکاری محکموں کی مانیٹرنگ بہتر بنانے کیلئے ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھایا جائے،وزیراعلیٰ سے چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف ایویلیوایشن، فیڈ بیک، انسپیکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر) بابر علاوالدین نے ملاقات کی، مریم نواز نے بریگیڈیئر (ر) بابر علاوالدین کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،اس موقع پر انتظامی سطح پر گورننس، شفافیت کےلئے تجاویز اور سفارشات پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ حکومتی فیصلوں اور پالیسی سازی میں عوامی رائے کو شامل کرنے کے طریقہ کار پر بھی گفتگو ہوئی،مریم نوازنے پبلک سروس سے متعلقہ سرکاری محکموں کی مانیٹرنگ بہتر بنانے کےلئے ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھانے کی ہدایت کی جبکہ انتظامیہ اور پولیس کےلئے جدید ترین ٹریننگ میکنزم تشکیل دینے کا بھی حکم دیا،وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے پرفارمنس انڈیکس کے قیام سے افسران میں احساس ذمہ داری کا اضافہ ہوا ہے، پرفارمنس انڈیکس کی سخت مانیٹرنگ کی جائے،گڈ گورننس یقینی بنانے کےلئے ڈیفم کردار نہایت اہم ہے،علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کھرڑیانوالہ میں تیسری بیٹی کی پیدائش روکنے کےلئے بیوی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کسی بیٹی کا قتل انتہائی تکلیف دہ اور ناقابل برداشت ہے، بیٹی کی پیدائش پر بیوی کا قتل دور جہالت کی روایت ہے۔