بڑی تحریک کی تیاری ،عوام مجرموں کا محاسبہ کیے بغیر نہیں لوٹیں گے،پی ٹی آئی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے بڑی تحریک کی تیاری شروع ہوگئی،عوام چوروں، ڈاکووں اور مجرموں کا محاسبہ کیے بغیر واپس نہیں لوٹیں گے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہانااہل، نالائق اور بے رحم مینڈیٹ چور حکومت تاریخ کی سب سے بڑی عوام دشمن بن کر سامنے آئی ، عوام کے ووٹ سے محروم حکومت ہر وہ قدم اٹھا رہی ہے جس سے عوام کی زندگیاں مشکل سے مشکل ترین ہوتی جارہی ہیں، مہنگے ایندھن ،بجلی نے عوام کا جینا دوبھر ،معیشت کا بھرکس نکال دیا ،ٹیکس نظام کو بہتر کرنے اور عوام کی آمدن اور قوت خرید بڑھانے کی بجائے تیل اور بجلی کو ریاستی بھتہ خوری کا کلیدی وسیلہ بنا دیا گیا۔


پی ٹی آئی نے کہا مینڈیٹ چوروں اور کٹھ پتلیوں کے ہاتھوں مہنگائی 11 فیصد سے 45 فیصد تک پہنچی ،معاشی شرح نمو 6 فیصد سے گرتے گرتے صفر سے بھی نیچے گرگئی، عوام کو لوٹنے، ووٹ کے حق سے محروم کرنے، لاقانونیت سے بنیادی حقوق غصب کرنے ،نمائندہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کیخلاف سازشیں کرنے کے علاوہ مجرموں کے پاس مہنگائی کم کرنے ،معیشت کو پیروں پر کھڑا کرنے کی کوئی ترکیب موجود نہیں،عوام بڑی تحریک کی تیاری کررہے ہیں اب سڑکوں پر نکلے تو چوروں، ڈاکووں اور مجرموں کے محاسبے کے بغیر واپس نہیں لوٹیں گے۔