ملک حکومت کے باپ کا نہیں، پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ خواہش سے زیادہ کچھ نہیں: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علیٰ امین گنڈاپور نے کہا ہے کیا یہ ملک ان کے باپ کا ہے کہ یہ جو دل میں آئے فیصلے کریں؟، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ جعلی حکومت کی خواہش سے زیادہ کچھ نہیں ہے،وفاقی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی کےلئے کارروائی کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے گنڈاپور نے کہا موجودہ وفاقی حکومت مینڈیٹ چور ہے اور جعلی طریقے سے اقتدار پر قابض ہے، کیا فارم 47 کی بنیاد پر بنی حکومت یہ فیصلہ کرے گی کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے ؟، مینڈیٹ چور حکومت سیاسی میدان میں عمران خان اور پی ٹی آئی کا کسی صورت مقابلہ نہیں کر سکتی اس لیے اس طرح کی خواہش کا اظہار کر رہی ہے، تمام تر فسطائیت اور ہر قسم کے حربے استعمال کرنے کے باوجود مینڈیٹ چور حکومت کو منہ کی کھانی پڑھ رہی ہے،مینڈیٹ چوروں کی حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے،مخصوص نشستوں پر فیصلہ سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق کیا ہے، ان کو اسی فیصلے پر تکلیف ہو رہی ہے،موجودہ مینڈیٹ چور سرکار نے خود ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، الیکشن ٹریبونل اور مستقبل میں آنے والے فیصلوں سے ان کا دھڑن تختہ ہوجائے گا، مینڈیٹ چور سرکار کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے،وزیراعلیٰ کے پی کے نے مزید کہا جعلی حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہاہے، اس لیے بوکھلاہٹ میں احمقانہ بیانات دے رہے ہیں، ہم نے پہلے بھی ان کا مقابلہ کیا ہے، یہ جو بھی کریں ہم ان کا بھر پور مقابلہ کریں گے۔