اپیلیں منظور،سزا کالعدم،عمران ،بشریٰ عدت کیس میں بری،نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتار

اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)اپیلیں منظور،سزا کالعدم،عمران ،بشریٰ عدت کیس میں بری،نیب نے نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرلیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عدت نکاح کیس میں سزا کےخلاف اپیلیں منظور کیںاور عمران،بشریٰ کو بری کرتے ہوئے رہا کرنے کاحکم دےدیا،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے محفوظ فیصلہ سنایا، اپیلیں منظور ہونے پر ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دےدیا گیا۔

جج افضل مجوکا نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا عمران،بشریٰ اگر کسی دوسرے مقدمے میں گرفتار نہیں تو رہا کردیا جائے، میڈیکل بورڈ اور علما کی رائے کیلئے دائر دونوں درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں، عدالت نے رہائی کے روبکار جاری کردئیے ،فیصلے سے قبل کمرہ عدالت صحافیوں ،وکلاءسے کھچا کھچ بھرا رہا،پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو باہر نکال دیا،صرف صحافیوں ،وکلاءکو کمرہ عدالت میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی۔

بعدازاں عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا خاور مانیکا اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام اور حیران کن طور پر6سال تک خاموش رہے لہٰذا پرائیوٹ شکایت فائل کرنے سے پہلے ہی رجوع کا حق ختم ہوچکا تھا،عمران،بشریٰ کے درمیان شادی فراڈ یا بدنیتی کی بنیاد پر نہیں تھی ، خاور مانیکا کا موقف تھا پہلا نکاح یکم جنوری 2018اور دوسرا فروری 2018میں ہوا ، فریقین میں سے کسی نے نہیں کہا بانی پی ٹی آئی ،بشری کا نکاح نہیں ہوا تھا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا خاور مانیکا کا موقف تھا 2نکاح کرنا بدنیتی پر مبنی ،فراڈ شادی تھی ،رجوع کے حق سے روکا گیا تاہم جرح کے دوران خاور مانیکا نے مانا شادی کے دوسرے دن معلوم ہو گیا تھا ،دریں اثنا نیب نے عمران،بشریٰ کو نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرلیا،ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم نے دونوں کو گرفتار کیا۔

نیب ذرائع کے مطابق بطور وزیراعظم بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے توشہ خانہ سے تحائف کم قیمت پرحاصل کرکے مہنگے داموں فروخت کیے،نیب ٹیم نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد عمران ،بشریٰ کی گرفتاری ڈال دی۔

قبل ازیں لاہور میں درج 9مقدمات کے تفتیشی افسر بھی اڈیالہ جیل پہنچے،پولیس ٹیم انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی سے اجازت لے کر اڈیالہ جیل پہنچی،ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے 9مئی مقدمات میں بھی بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالے جانے کا امکان ہے۔