لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے موچی گیٹ لاہور کا دورہ کیا،نثار حویلی کے مرکزی عزاداری جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال سمیت سینئر افسران ہمراہ تھے۔ آئی جی پنجاب کی آغا شاہ حسین قزلباش سمیت شیعہ کمیونٹی لیڈرز اور عمائدین سے ملاقات کی اور عاشورہ محرم کے مرکزی جلوس کے روٹس پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے آئی جی پنجاب کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی،شیعہ کمیونٹی لیڈرز، منتظمین مجالس و عزاداری جلوس نے پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ محرم الحرام میں تمام عزاداری جلوسوں اور مجالس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سمیت سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جا رہے ہیں،آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ سی ٹی ڈی محرم الحرام میں امن دشمن اور دہشت گرد عناصر پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، پورے پنجاب میں 2 لاکھ سے زائد پولیس اہلکار محرم الحرام کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔دوسری طرف پنجاب پولیس کا سنگین جرائم میں ملوث خطرناک مجرمان کی سرکوبی کیلئے کریک ڈاو¿ن جاری ہے جس کے تسلسل میں رواں سال کی پہلی ششماہی میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں سنگین جرائم میں ملوث ایک لاکھ 18ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروران اور ٹارگٹ آفینڈرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں برس جنوری تا جون میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں سنگین جرائم میں ملوث 65 ہزار سے زائد اشتہاری گرفتار کئے جن میں اے کیٹیگری کے 9515اور بی کیٹیگری کے 55652 اشتہاری شامل ہیں، عدالتی مفروران کے خلاف جاری کریک ڈاو¿ن میں 36 ہزار سے زائد مفروران کو گرفتار کیا گیا جن میں اے کیٹیگری کے 2623 اور بی کیٹیگری کے 33682 عدالتی مفروران شامل ہیں، پولیس ٹیموں کے آپریشنز کے دوران 17725 عادی مجرم بھی گرفتار ہوئے جن میں اے کیٹیگری کے 7194 جبکہ بی کیٹیگری کے 10531 ٹارگٹ آفینڈرز شامل ہیں،سنگین جرائم میں مطلوب 50 اشتہاریوں کو بیرون ممالک سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا۔دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رحیم یار خان میں ملزمان کی فائرنگ سے باپ اور بیٹے کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان کو واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ مقتولین میں حاجی زبیر احمد عمر 60 سال اور بیٹا محمد طلحہ عمر 17/18 سال شامل ہیں۔
صوبے میں 2 لاکھ سے زائد اہلکار محرم الحرام کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں :آئی جی پنجاب
















