کراچی (مشرق نیوز) پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید نے زائد عمر میں شادی کرنے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کردیا۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران صنم سعید نے 35 سال کی عمر میں شادی کرنے کے اپنے فیصلے کے بارے میں کھل کر بات کی۔صنم سعید نے کہا کہ کوئی بھی رشتہ اسی وقت اچھا چل سکتا ہے جب انسان خود کو سمجھے کیونکہ جب تک کوئی بھی انسان اپنی ذات کو ہی نہیں سمجھ پاتا تو پھر وہ کسی دوسرے انسان سے کیسے یہ امید کرسکتا ہے کہ وہ اسے سمجھے گا۔اداکارہ نے کہا کہ جب انسان خود کو سنبھالنا شروع کردیتا ہے اور خود کو سمجھ لیتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ پھر وہ ہر رشتہ یا تعلق اچھے سے نبھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 35 سال ایک میچور عمر ہے، اس عمر میں شادی کا فیصلہ بہترین ہوتا ہے کیونکہ اس عمر کے افراد پہلے ہی زندگی کے کئی تجربات سے سبق سیکھ چکے ہوتے ہیں۔صنم سعید نے کہا کہ بےشک! 35 سال شادی کیلئے بڑی عمر ہے لیکن اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہے کہ اگر کوئی اپنی پہلی شادی میں ناکام ہوچکا ہے یا پھر کسی کی بڑی عمر تک شادی نہیں ہوئی تو وہ شادی ہی نہ کرے۔اداکارہ نے کہا کہ یہ ہمارے معاشرے کا عام تاثر ہے کہ 35 سال کے بعد شادی نہیں ہوسکتی، اس عمر کے بعد عورت بوڑھی ہوجاتی ہے اور اسکی دنیا ختم ہوجاتی ہے۔ انہوں نے سینئر جوڑی منظر صہبائی اور اداکارہ ثمینہ احمد کی مثال دیتے ہوئے مزید کہا کہ ثمینہ آپا اور منظر صاحب نے زائد عمرمیں شادی کرکے بہترین فیصلہ کیا کیونکہ محبت کسی بھی عمر میں ہوسکتی ہے۔
بڑی عمر میں شادی کرنا اچھا فیصلہ ہے: صنم سعید

















