آپریشن عزم استحکام ملک کی بڑی ضرورت، اپوزیشن شوق سے احتجاج کرے :قائم مقام گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی اور قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان نے قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام قومی معاملہ ہے ،پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا،اپوزیشن آئین کے دائرے میں شوق سے احتجاج کرے ،آئین پاکستان کی حرمت کا احترام کیے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر لاہور میں ایجوکیشن ایکسپو میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملک احمد خان نے کہا کہ آج کے دور میں کتاب کی اہمیت زیادہ بڑھ گئی ہے، ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد ایک احسن اقدام ہے۔آئین کوئی ایسی کتاب نہیں جسے ہاتھ میں اٹھاکر پھرتے رہیں، یا اس پر قسم کھالیں، آئین کو لیکر گھومنے کا کوئی فائدہ نہیں، اس پر اصل شکل میں عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔قائم مقام گورنر پنجاب نے قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا اور انہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، جبکہ آپریشن عزم استحکام ملک کی بڑی ضرورت ہے۔انہوں نے اپوزیشن کو آئین کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹوکن احتجاج ہوتے رہتے ہیں،ہم بھی کرتے تھے، اپوزیشن آئین کے دائرے میں رہ کر احتجاج کا شوق پورا کرلے ۔آئین پاکستان کی حرمت کا احترام کئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، ملک کا اعلیٰ ترین فورم پارلیمنٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزم استحکام ملک کی بہت بڑی ضرورت ہے ، سیاسی جماعتوں کو قومی سلامتی کے مسائل پر یکجا ہونا چاہئے۔