پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کاعمل فوری شروع کیا جائے،وزیراعظم کاحکم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے معاشی حالات ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کا مزید بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل ومتبادل پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو تحلیل کرنے کی کمیٹی سفارشات پیش کردی گئیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا فی الفور پی ڈبلیو دی کی تحلیل کا عمل شروع کیا جائے، ملازمین کے مفادات کا تحفظ کریں گے،وزیر اعظم نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی پاک پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کو متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سے مکمل کرایا جائے گا، سرکاری تعمیر و مرمت کیلئے بین الاقوامی معیار کی نجی کمپنیوں کی خدمات لی جائیں گی، پاک پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے انتظام کیلئے ایسٹ مینجمنٹ کمپنی تشکیل دینگے۔

شہبازشریف نے کہاپاک پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے، ملکی معاشی حالات ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کا مزید بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، جاری عمل کی نگرانی بذات خود کروں گا۔