بدلتی علاقائی جیو پولیٹکس ،بڑھتی دہشتگردی معیشت ،سلامتی پر براہ راست اثر انداز ہوہی ہے،نیول چیف

کراچی:(بیورورپورٹ) نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے مسلح افواج دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، تیزی سے بدلتی علاقائی جیو پولیٹکس ،بڑھتی دہشتگردی معیشت، سلامتی پر براہ راست اثر انداز ہورہی ہے۔

پاکستان نیول اکیڈمی میں 121 ویں مڈشپ مین کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوید اشرف نے کہا ٹریننگ مکمل کرنے والے کیڈٹس ،والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان نیول اکیڈمی معیاری تربیت فراہم کر رہی ہے،کیڈٹس جدید ٹرینڈز سے خود کو آراستہ کریں، امید ہے دوست ممالک کے کیڈٹس تعلقات کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں گے۔

نیول چیف نے کہاپاکستان کو اندرونی و بیرونی سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، مسلح افواج مادر وطن کی حفاظت کیلئے دہشت گردی سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، نیوی سمندری حدود کی حفاظت کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے،جیوسٹریٹجک اہمیت کے باعث بحرہند مستقبل کے تنازعات کے ممکنہ میدان کے طورپر ابھر رہا ہے، صورتحال کے اثرات خطے اورآگے تک ہوسکتے ہیں۔

نوید اشرف نے کہا میری ٹائم کے تحفظ وصورتحال سے نمٹنے کےلئے پاک بحریہ جدیدٹیکنالوجی حاصل کررہی ہے،سمندری حدودکے تحفظ کےلئے ہنگور کلاس آبدوز کا حصول انتہائی اہم ہے، ہنگورکلاس آبدوز کی شمولیت خطے میں نیوی کی صلاحیت بڑھائے گی، ہنگورکلاس آبدوز جدید اسٹیلتھ خصوصیات سے لیس و کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے،پاکستان نیوی علاقائی امن کےلئے دیگر ملکوں کی بحریہ کےساتھ شراکت داری کررہی ہے، دہشت گردی و انتہا پسندی کےخلاف قوم اور فورسز متحد ہیں۔

قبل ازیں پاکستان نیول اکیڈمی میں 121 ویں مڈشپ مین کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔