پولیس افسران چینی ماہرین سے مختلف شعبوں میں جدید ٹریننگ حاصل کرینگے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاہے کہ پنجاب پولیس کے 11افسران کاوفد اگلے ماہ چین کے 12 روزہ تربیتی دورے پر روانہ ہورہا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ پنجاب پولیس کے 11 افسران یکم جولائی تا 12 جولائی چین کا تربیتی دورہ کریں گے، پولیس افسران چینی ماہرین سے کاﺅنٹر ٹیررازم سمیت مختلف شعبوں میں جدید ٹریننگ حاصل کریں گے،ٹریننگ پروگرام سے پولیس افسران کی پروفیشنل سکلز ڈویلپمنٹ اور استعداد کار میں اضافہ ممکن ہو گا، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پاکستان چائنہ اکنامک کوریڈور سکیورٹی آفیشلز ٹریننگ پروگرام میں پنجاب پولیس کی نمائندگی قابل ستائش ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ٹریننگ پروگرام کے لئے منتخب افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے دورہ چین پر جانے والے افسران کو ٹریننگ پروگرام کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر فرض کی راہ میں جان کی بازی لگانے والے پنجاب پولیس کے 13 بہادر جوانوں کو غازی قرار دیا گیاہے، سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی شجاعت و فرض شناسی کے مثالی مظاہرے پر جانباز افسران و اہلکاروں کو غازی میڈلز سے نوازا۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول پنجاب فیصل فرید نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی، غازی قرار پانے والوں میں ملتان سے کانسٹیبل محمد عباس، ڈرائیور کانسٹیبل عبدالکلیم، کانسٹیبل محمد ارسلان اور راشد شاہ، خانیوال سے اے ایس آئی اصغر علی، کانسٹیبل حمزہ عباس، سب انسپکٹر ذیشان الہی اور اے ایس آئی ناصر محمود، لودھراں سے کانسٹیبل زاہد رسول، وہاڑی سے اے ایس آئی اشرف، ننکانہ سے عبدالروف، اوکاڑہ سے اے ایس آئی عبدالقادر کانسٹیبل محمد عظمت، قصور سے کانسٹیبل ندیم اختر اور کانسٹیبل سلمان شوکت شامل ہیں۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ میں فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی پی او گوجرانوالہ کو ملزم کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی۔ ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملزم معظم نے گھریلو تنازعہ پر بیوی اور سالے کو قتل جبکہ 3 افراد کو زخمی کیا جس کی تلاش جاری ہے۔