اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان علما کونسل نے امریکی کانگریس کی قرارداد کو مسترد کر دیا۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل طاہر اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا رفیق جامی ، مولانا شفیع قاسمی ، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسد فاروق، علامہ زبیر عابد، علامہ طاہر الحسن ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ پاکستان علما کونسل امریکی کانگریس کی قرارداد کو مسترد کرتی ہے ، امریکہ کا اپنا دہرا معیار اور منافقانہ کردار اس طرح کی قرارداد کے قابل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات میں معاملہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جسے پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں اور عوام نے حل کرنا ہے ۔ حکومت پاکستان کی طرف سے امریکی قرارداد کو مسترد کرنے اور اس پر قرارداد لانے کا فیصلہ درست سمت میں قدم ہے ۔ پارلیمان میں موجود پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ امریکہ قرارداد کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور کریں۔ پاکستان علماکونسل کل خطبات جمعہ میں امریکی قرارداد کی مذمت کرے گی اورپاکستان کے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کسی صورت قابل قبول نہیں ہو سکتی۔
پاکستان میں انتخابات اندرونی معاملہ، امریکی قرارداد مسترد کرتے ہیں :پاکستان علماءکونسل
















