مریم نواز کی قیادت میں کئی ریکارڈ قائم،قرض میں 23 ارب کمی ہوگئی،عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے وزیر اعلیٰ مریم نوازکی قیادت میں پنجاب میں کئی ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں ،تقریبا 100 روز کی حکومت میں پنجاب کے قرض میں 23 ارب کی کمی ہوئی ،پہلی بار گندم کی مد میں بھی قرض صفر ہونے جا رہا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

عظمیٰ بخاری نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب نے اب تک کوئی چھٹی نہیں کی ،عید پر بھی مسلسل کام کرتی رہیں، عید دنوں میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں ریکارڈ کمی کی گئی ،پہلی بار ایسا ہوازائد لی گئی کرائے کی رقم مسافروں کو واپس کرائی گئی، پورے صوبے میں صفائی کا ریکارڈ قائم ہوا ،کہیں کوئی آلائش یا گند باقی نہیں رہنے دیا گیا، عید پر صفائی مہم کے دوران 55 ہزار سے زائد سینٹری ورکرز پورے صوبے میں مسلسل متحرک رہے، یہی وجہ ہے سینٹری ورکرز کی خدمات کے اعتراف میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے ملاقات کر کے حوصلہ افزائی کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہافیلڈ ہسپتالوں کے تحت محض ایک ماہ میں 10لاکھ سے زائد مریضوں کو ادویات ،علاج فراہم کیا گیا،100 روز کی حکومت میں پنجاب کے قرض میں 23 ارب کی کمی ہوئی ،دوسری طرف 90دن میں کارناموں کا شوشا چھوڑنے والی گزشتہ حکومت نے 498 ارب کے قرض کو 1705 ارب تک پہنچایا،وزیر اعلیٰ مریم نواز کی انتھک محنت ،درست فیصلوں کی بدولت پنجاب کا قرض کم ہوکر 1685 ارب رہ گیا ،عید کے دنوں میں سوات میں پیش آنیوالا واقعہ بہت دلخراش ہے،روک تھام کیلئے صوبائی حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوورچارجنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا گیا ،اضافی وصول کئے گئے 14لاکھ 67 ہزار روپے واپس کرائے گئے،1448 گاڑیوں کے چالان ،9 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔