گنڈا پور کی دھمکیاں بےکار،لوڈشیڈنگ کا جن بدستور بے قابو

پشاور،مردان :(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ گنڈا پور کی دھمکیاں بے کار،کے پی میں لوڈشیڈنگ کا جن بدستور بے قابو، 22 گھنٹے تک بجلی بندش معمول،شہری بلبلا اٹھے،کاروباری نظام بھی مفلوج ہو کر رہ گیا ،گرمی کی وجہ سے شہری حکومت کو بدعائیں دینے پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب مردان میں لوڈ شیڈنگ کےخلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے مالاکنڈ روڈ پر واپڈا دفتر کے سامنے دھرنا دیا ،نوشہرہ میں سنی اتحاد کونسل کے ایم این اے ذوالفقارخان نے کارکنوں کےساتھ پبی و تاروجہ گرڈسٹیشن پر دھاوا بول کر 12 فیڈرزکی بجلی زبردستی بحال کرادی ۔

پیسکو حکام نے رکن قومی اسمبلی کےخلاف مقدمہ درج کرانے کےلئے پولیس کو مراسلہ لکھ دیا،ترجمان پیسکو نے کہا زیادہ نقصان والے فیڈرز پر زیادہ لوڈشیڈنگ ناگزیرہے۔

ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے نوٹس پر صوبائی محکمہ داخلہ نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ دیا،صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے خط میں کہا گیا خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر 22 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، بعض اضلاع میں لوڈ شیڈنگ کےخلاف احتجاج بھی ہو رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو پیسکو حکام سے میٹنگ کی ہدایات دی ہیں۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا تمام ڈپٹی کمشنرز لوڈشیڈنگ کے اوقات کی مانیٹرنگ کریں، کسی بھی ضلع میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے زائد نہ ہو، خرابی کی صورت میں کم سے کم وقت میں بجلی بحال کی جائے ۔

قبل ازیں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا وفاق اپنا قبلہ درست کرے ورنہ عوام ہمارے کنٹرول سے باہر ہوجائیں گے،گرڈ سٹیشن پر قبضے کے الزامات پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا مریم نواز کو یاد دلانا چاہتا ہوں سب سے بڑی دہشت گردی ماڈل ٹاو¿ن کی سڑکوں پر ہوئی، ماڈل ٹاو¿ن میں معصوم مظاہرین اور حاملہ خواتین پر سیدھا گولیاں چلائی گئی تھیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حالات قابو میں رکھے ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا وفاقی حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیسے دے رہی ہے تو ہمیں کیوں دیوار سے لگا رہے ہیں،نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے دھمکیاں دی ہیں تو وفاق کےساتھ مذاکرات بھی کیے ہیں، لوڈ شیڈنگ کے شیڈول پر اتفاق ہوجاتاہے لیکن عملدرآمد نہیں ہوتا، قانون آئین کی بالادستی ہونی چاہیے جو نظر نہیں آرہی ہے،شوکت یوسفزئی نے کہا صوبے کے ہر معاملے پر بات چیت کیلئے تیار ہیں اور واپڈا کے لاسز کے معاملے پر ان سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔