لاہور (کرائم رپورٹر)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے عید کے موقع پر پنجاب بھرکے شہریوں کو ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والے ریسکیورزکی خدمات کو سراہا جنہوں نے اپنی عید کی چھٹیاں قربان کر کے پنجاب کے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی کہ ریسکیو 1122نے عید کی تعطیلات کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع میں 30,317 ایمرجنسیزپر بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں۔30,317 ایمرجنسیز میں 7,268 روڈ ٹریفک حادثات ہوئے جن میں 60 اموات ہوئیں، 18,932 میڈیکل ایمرجنسی رپوٹ ہوئیں جن میں 889افرادکی اموات ہوئیں اس کے علاوہ 711 جرائم کے واقعات میں 26اموات، 666فائر ایمرجنسیز جن میں 35فاریسٹ فائر ایمرجنسیز،564 ڈیلیوری/گائنی کے کیس، 527گرنے اور پھسلنے کی ایمرجنسیز جن میں 10اموات ہوئیں، 392کام کرنے والی جگہوں سے ایمرجنسی کالز،176کرنٹ لگنے کے واقعات، 57 آگ سے جلنے کے واقعات، 27 ڈوبنے کی ایمرجنسیزمیں 18اموات ہوئیں، 749متفرق ایمرجنسیزجبکہ 248 اینیمل ریسکیو آپریشن شامل تھے۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بتایاگیا کہ عید تعطیلات کے دوران لاہور میں سب سے زیادہ 3939 ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں، فیصل آباد میں 2138 ایمرجنسیز، گوجرانوالہ میں 1447 ایمرجنسیز، بہاولپور میں 1321 ایمرجنسیز،ملتان میں 1239 ایمرجنسیز اور سب سے کم 288 ایمرجنسیزجہلم میں رپورٹ ہوئیں۔ویڈیو لنک میٹنگ کے دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر لاہور نے بتایا کہ عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران صوبائی دارالحکومت میں 139 آتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 2 بڑے واقعات شامل ہیں جن میںایک ملتان روڈ پر نیب آفس کے قریب سلنڈر پھٹنے سے اور دوسرا واقع سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں موجود پیپرمل میں پیش آیاجہاں ایک ایکڑ پر پھیلے ہوئے سامان کو آگ لگ گئی۔ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم کی مدد سے کی گئی فوری کاروائی اور کئی گھنٹوں کی فائر فائٹنگ کے بعددونوں فائر ایمرجنسیزمیں آگ پرقابو پالیا۔ضلعی ایمرجنسی آفیسر مری نے بریفنگ دی کہ ریسکیورز نے عید کی تعطیلات کے دوران جنگل میں آگ لگنے کے 20واقعات پر بروقت کارروائی کی جن میں گھوڑا گلی، نیو مری اور کھجوت ایکسپریس وے پر لگنے والی بڑی آگ کے واقعات بھی شامل ہیں اور ان ایمرجنسیز میں کئی گھنٹوں کی مسلسل فائر فائٹنگ کے بعدریسکیو اہلکاروں نے کامیابی سے آگ پر قابو پالیا۔ ضلعی ایمرجنسی آفیسر وہاڑی نے بتایا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران ملتان روڈ پر اڈا غلام حسین کے قریب پیدل جانے والے 2افراد سیوریج کے مین ہول میں گر گئے۔ مزید 2افراد نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی پھنس گئے اور ریسکیو 1122 کو ایمرجنسی کال کے بعد ریسکیو آپریشن کیا گیا اور چاروں ڈیڈ باڈیز کو نکال لیا گیا۔ضلعی ایمرجنسی آفیسر فیصل آباد کا کہنا تھا کہ محلہ شریف پور ہ ستیانہ روڈ پر گیس لیکج کے باعث دھماکے سے گھر کی پہلی منزل میں آگ بھڑک اٹھی، 9 افراد کو بچا لیا گیااور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر کے آگ پر قابو پالیا گیا۔ ضلعی ایمرجنسی آفیسر ڈی جی خان، میانوالی اور شیخوپورہ نے بھی اپنے اضلاع میں میجر ٹریفک حادثات کے بارے میں بتایا جن میں 10 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نصیر نے میڈیکل ایمرجنسیز میں 889 اموات، روڈ ٹریفک حادثات میں 60 اموات، جرائم کے واقعات میں 26اموات، ڈوبنے کے واقعات میں 18،کرنٹ لگنے سے 13، گرنے کے واقعات میں 10 اموات، ڈیلیوری/گائنی کے کیسز میں4اموات اور متفرق ایمرجنسیز میں 28 اموات پرگہرے دکھ کا اظہار کیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے چھٹیاں قربان کرکے شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا: ڈاکٹر رضوان نصیر
















