عید الاضحی پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے: مریم نواز

لاہور:( اپنے رپورٹر سے) جانوروں کی آلائشیں نہروں و نالوں میں پھینکنے، سری پائے بھوننے کے غیرقانونی کاروبار پر پابندی عائد، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے عید الاضحی پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

مریم نواز کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا، سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگز یب، صوبائی وزراعظمیٰ بخاری، صہیب احمد بھرتھ، معاونین خصوصی راشد نصر ، ذیشان ملک، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب و دیگر حکام شریک ہوئے۔ عید الاضحی کے انتظامات و صوبے بھر میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ جانوروں کی آلائشیں نہروں، نالوں میں پھینکنے اور سری پائے بھوننے کے غیرقانونی کاروبار پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کردی گئی۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی لاہور میں عملہ خود گھر گھر جاکر بائیوڈی گریڈ ایبل بیگ میں بند جانوروں کی آلائشیں اٹھائے گا، قربانی کے بعدشہر بھر کی سڑکوں کو دھویا جائیگا، چونا ڈالا جائیگا اور سپرے ہوگا،پنجاب میں 294مقامات پر جانوروں کےلئے سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ، صوبے بھر میں ڈرین، مین ہولز وغیرہ کو آلائشیں ڈالنے سے محفوظ رکھا جائےگا۔ صوبے بھر کی 2600 مساجد اور 900 عید گاہوں پر سکیورٹی انتظامات کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، پنجاب بھر میں اجتماعات کی نگرانی کےلئے کیمرے و چیکنگ کےلئے واک تھرو گیٹس نصب ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سکیورٹی انتظامات کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیتے ہوئے کہاعید گاہوں میں گرمی کے پیش نظر مسٹ فین، پنکھے لگائے جائیں، پارکوں میں جھولوں اور سلائیڈز کی انسپکشن کریں، باقاعدہ چیکنگ کرکے حفاظتی معیار کو یقینی بنایا جائے، جہاں اندیشہ ہو سکیورٹی بڑھائیں، عوامی جان ومال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔

مریم نواز نے کہالاﺅڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال و اسلحہ نمائش پر پابندی یقینی بنائی جائے، مویشی منڈیوں، بازاروں ،مارکیٹوں کی سکیورٹی کےلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں، مویشی منڈیوں میں صفائی، شیڈ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سپرے کیا جائے۔

علاوہ ازیںوالد سے محبت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہے، کوئی نعم البدل نہیں، ہر والد کی خاموش قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے جو اکثر نظر انداز کر دی جاتی ہیں،اپنے بچوں کی پرورش و رہنمائی میں والد کے انمول کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے، بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے باپ کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیجئے، والد شجر سایہ دار ہے جو تپتی دھوپ میں بچوں کیلئے گھنا سایہ بن جاتا ہے۔

مریم نواز نے کہااولاد کی تربیت و بہتر پرورش میں والد کے شفیق کردار کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے،اپنی ہر کامیابی والد نواز شریف کے نام کرتی ہوں جو ہر مشکل میں میرا حوصلہ ہیں، خوش قسمت ہوں نواز شریف جیسے والد ملے، ہر روز والد محترم سے دعائیں لے کر نکلتی ہوں اور واپس آ کر سب سے پہلے سلام کرتی ہوں،وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوان نسل کو نصیحت کرتے ہوئے کہا والدین کی عزت وتکریم کرنے والے، اف تک نہ کہنے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں۔ آخر میں انہوں نے یہ شعر بھی پڑھاعزیز تر مجھے رکھتا ہے وہ رگ جاں سے۔۔۔ یہ بات سچ ہے میراباپ کم نہیں ماں سے۔