اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت نے تنخواہ دار افراد اور برآمد کنندگان کیلئے انکم ٹیکس کی شرح میں مجوزہ اضافے کو جزوی طور پر تبدیل کرنے کا جائزہ لینے اور بچوں کے دودھ کی فروخت پر 18 فیصد مجوزہ سیلز ٹیکس کو مرحلہ وار نافذ کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی۔
اندرونی مشاورت حکومت کی جانب سے مجوزہ 1.5 ٹریلین روپے کے مجوزہ اضافی ریونیو اقدامات سے متاثر ہونے والے معاشرے کے تمام طبقات اور کاروبار کی تنقید کے بعد کی جا رہی ہے لیکن مشاورت کے نتائج کا انحصار مالیاتی گنجائش اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی رضامندی سے ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بنیادی مالیاتی سرپلس ظاہر کرنے کیلئے بجٹ میں بھاری ٹیکس عائد کئے ہیں لیکن اس نے اخراجات کو کم کر کے وزارتوں کی تعداد اور اخراجات کو محدود کرنے کے دوسرے آپشن کا انتخاب نہیں کیا۔ آئندہ مالی سال کیلئے 18.9 ٹریلین روپے کا مجوزہ بجٹ اس مالی سال کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہے۔جواس بات کا اشارہ ہے کہ حکمران جماعت ایسا راستہ اختیار کرنے کو تیار نہیں جس سے اسکے اتحادی ناراض ہوں۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگانے کا معاملہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اٹھایا ہے۔ ٹیکسوں کے بوجھ تلے زیادہ دبنے والے تنخواہ دار طبقے کی جانب سے اس سال 360 ارب روپے ادا کرنے کے باوجود حکومت نے اگلے مالی سال میں اضافی 75 ارب روپے حاصل کرنے کیلئے اضافی عائد کرنے کی تجویز ہے جبکہ صنعتکاروں پر بجلی کی قیمت کا بوجھ 240 ارب روپے کم کرنے کے باوجود وزیر اعظم کو برآمد کنندگان سے سٹینڈرڈ انکم ٹیکس کی شرح وصول کرنے کے فیصلے کو واپس لینے کیلئے دباﺅ کا سامنا ہے۔
حکومت کا تنخواہوں، برآمد کنندگان اور بچوں کے دودھ پر مجوزہ ٹیکسز کی جزوی واپسی پر غور
















