آئی ایم ایف کا آخری پروگرام،مستقبل کا راستہ چن لیا، قوم کا ایک ایک دھیلا ملکی ترقی پر خرچ ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ مستقبل کا راستہ چن لیا، عوامی پیسے پر عیاشی نہیں ہوگی، قوم کا ایک ایک دھیلا ملکی ترقی پر خرچ ہوگا، وعدہ کرتا ہوں اہداف پورے کرلئے تو پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا، ہمسایہ ممالک سے آگے نکلیں گے۔

حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا اپریل 2022 میں اقتدار کی ذمہ داری سنبھالی تو معاشی صورتحال سب کے سامنے تھی، پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، سہرا قائد نوازشریف اور 13 جماعتوں کے زعما کو جاتا ہے۔ بلاول بھٹو، آصف زرداری، فضل الرحمن سمیت دیگر تمام اکابرین شامل ہیں، نہ صرف وہ وعدہ نبھایا بلکہ پاکستان معاشی مشکلات سے آہستہ آہستہ نکل کر ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہورہا ہے، سفر نہ صرف مشکل ہے بلکہ حکومتی اکابرین و اشرافیہ سے قربانی کا تقاضا کرتا ہے، پوری قوم کی نظریں حکومت پر جمی ہیں، کس طریقے سے پاکستان کی معاشی مشکلات ختم کرکے ملک کے اندر خوشحالی کا انقلاب لےکر آئیں۔

شہبازشریف نے کہا عام انتخابات کے بعد حکومت سنبھالی، وزیراعظم منتخب ہوا تو کچھ خدمت کے نتیجے میں مہنگائی 38 سے 12 فیصد تک گرگئی جو بذات خود حقیر مگر خوش آئند تبدیلی ہے۔ قرضوں پر شرح سود کم ہو کر 20 فیصد پر آگیا، سرمایہ کاری کو فروغ، قرضوں کے حجم میں کمی آئیگی، ملک ترقی کے راستے پر تیزی سے گامزن ہوگا، سب کچھ پچھلے ساڑھے 3 مہینے کی حقیر کارکردگی ہے، خدمت کی بجائے بوجھ اور کرپشن کامنبع بننے والے سرکاری اداروں کا خاتمہ ناگزیر ہوگیا۔ وزارتی کمیٹی بنادی۔ یقین دلاتا ہوں اگلے ڈیڑھ اور 2 ماہ میں مثبت نتائج لےکر آونگا، عوام کی جیب پر بوجھ تمام ادار ے ختم کریں گے، اقدام سے نہ صرف اربوں کی بچت ہوگی بلکہ ترقی و خوشحالی کی طرف سنگ میل کی حیثیت اختیار کریگا۔

وزیراعظم نے کہا چین کا دورہ کرکے آیا ہوں، بیجنگ پاکستان کا بہت بااعتماد دوست ملک ہے، چین سے پہلے برادر ممالک گیا، سعودی عرب پاکستان کا انتہائی بااعتماد ملک ہے، سرمایہ کاری کے وعدے ہوئے ، متحدہ عرب امارات نے 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا وعدہ کیا، آرمی چیف بھی چین، سعودی عرب، قطر گئے تھے۔ جنرل سید عاصم منیر نے دوروں میں سرمایہ کاروں کو وطن عزیز کی جانب راغب کیا، سرمایہ کاری کے اتنے بڑے مواقع سے فائدہ اٹھانے و سنجیدگی سے عمل پیرا ہونے کےلئے نظام وضع کرلیا، ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری صنعتی، زرعی، انفارمیشن ٹیکنالوجی و معدنیات میں اگلے مہینوں، برسوں میں ہوگی، نتائج عوام کے سامنے آئیں گے ،پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔

شہبازشریف نے کہا ملک کے اندر بڑے قابل سرمایہ، صنعتکار، تاجر، ذہین بینکرز اور مالی ماہرین ہیں، زرعی شعبے میں بے شمار مواقع ہیں، پہلے پاکستان کی اپنی قوت، اذہان و محنت کو فی الفور بروئے کار لا رہے ہیں، اندرونی سرمایہ کاری کےساتھ بیرونی سرمایہ کاری بڑی آسانی سے ہوگی، ایف بی آر کو مکمل ڈیجیٹائزیشن کرنے کی ذمہ داری عالمی کمپنی کے حوالے کردی۔ ایف بی آر کی 100 فیصد ڈیجیٹائزیشن سے ملک کے خزانے میں اربوں، کھربوں کی محصولات ہونی چاہیے جو نہ ہونے پر کرپشن کی نذر ہورہی تھی، ایسا نظام موجود نہیں تھا جو کا سدباب کرتا اور روکتا،مقصد کے حصول کیلئے نظام کا آغاز کرکے نالائق لوگوں کو ایک طرف کردیا۔

وزیراعظم نے کہاملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے سازگار ماحول بنالیا، اپنے پروگرام پر سختی سے عمل کیا اور اہداف پر پوری طرح کمر کس لی تو وعدہ کرتا ہوں آئی ایم ایف سے قرض کاآخری پروگرام ہوگا، دنیا میں جہاں جاتا ہوں تو پہلی بات کرتا ہوں قرض نہیں، سرمایہ کاری لینے آیا ہوں، تمام لوازمات کیلئے بھرپور تیاری ہے،آئندہ سرمایہ کاری و تجارت کی بنیاد پر تعلقات بڑھیں گے۔

شہبازشریف نے کہاسمجھتا ہوں پاکستان آہستہ آہستہ قرضوں سے نجات حاصل کرےگا، مقصد مشکل ہے ناممکن نہیں، دنیا میں ایسی مثالیں ہیں جہاں پر ممالک نے صرف ایک مرتبہ آئی ایم ایف کے آگے ہاتھ بڑھایا پھرپاس نہیں گئے لیکن پاکستان نے 24 سے 25 مرتبہ عالمی مالیاتی فنڈ سے رجوع کیا، اب آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا،اپنے پاو¿ں پر کھڑے ہوں گے اور ترقی کی دوڑ میں ہمسایہ ممالک کو پیچھے چھوڑیں گے۔

وزیراعظم نے کہابات کوئی جذباتی نہیں یا عوام کو متاثر کرنے کےلئے نہیں کررہا بلکہ پہلے اپنے آپ سے مخاطب ہوں اور پھر بزرگوں، بھائیوں ،بہنوں سے ملتمس ہوں آئیں دوڑ میں شریک ہوں اور آگے نکلنے والے تمام ممالک کو پیچھے چھوڑ جائیں۔

شہبازشریف نے کہا سب ملکر محصولات وصولی کی کوشش کریں گے، 3 لاکھ نوجوانوں کو ہر سال چین سے آئی ٹی ٹریننگ دلوائیں گے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے، صنعتوں کےلئے بجلی ساڑھے 10 روپے یونٹ بجلی سستی کردی، صنعتوں کے اوپر سے 200 ارب کا بوجھ کم ہوجائیگا، اچھے بجٹ کا اثر سٹاک مارکیٹ پر پڑا، انڈیکس انتہائی بلند سطح 76 ہزار سے بھی اوپر گیا، مئی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 3 ارب ڈالر ملک بھیجے، امیر و غریب کے درمیان فرق کو ختم کریں گے، شاہانہ اخراجات کا خاتمہ میری حکومت کی ترجیح ہے، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ سے لاکھوں بچے، بچیوں کیلئے تعلیم کے دروازے کھلیں گے۔
وزیراعظم نے کہا ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری آئے گی، دہشت گرد، بجلی، ٹیکس چور، منافع خور، بدعنوان سرکاری ملازم ملکی ترقی کے دشمن ہیں، شہدا اور غازیوں کی توہین کرنے والا ملکی ترقی و خوشحالی کا دشمن ہے، مستقبل کا راستہ طے کرلیا، وعدہ کرتا ہوں پاکستان کا مستقبل روشن کرنے کیلئے کڑے فیصلے کروں گا، شفاف نجکاری کا عمل مزید تیز ہوگا، اربوں کا خسارہ قوم پر نہیں ڈالیں گے، 5 سال میں بیروزگاری ،غربت کی کمر توڑ دیں گے، عوامی پیسے پر عیاشی نہیں ہوگی، قوم کا ایک ایک دھیلا ملکی ترقی پر خرچ ہوگا،کوئی دباو برداشت نہیں کرونگا، جو قربانی دینی پڑی ملکر دینگے، جدوجہد کا آغاز حکومت، اشرافیہ سے کیا جا رہا ہے، سب ملکر عہد کریں 5 سال میں قوم کا مستقبل بدل دینگے۔

شہبازشریف نے کہادل کی گہرائیوں سے پاکستان اور پوری دنیا کے مسلمانوں کو حج اور عیدالاضحی کے موقع پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں،غزہ میں ظلم ڈھایا جا رہا ہے، بچوں سمیت 40 ہزار افراد کو شہید کردیا گیا، دلخراش مناظر اوراتنا بڑا ظلم عصر حاضر میں دیکھتی آنکھ نے پہلے نہیں دیکھا۔ شہبازشریف نے کہا مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پربھی ظلم ڈھائے جارہے ہیں، بدترین مثال عصر حاضر میں نہیں ملتی، وادی کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے خون سے سرخ ہوچکی، دعاہے فلسطین کے عوام اور کشمیریوں کو آزادی کا حق ملے تاکہ وہ دنیا کی دیگر آزاد قوموں کی طرح ترقی و خوشحالی کی دوڑ میں آگے بڑھ سکیں۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا،حکومت ،عوام کی جانب سے عید الاضحی کی مبارکباد دی ،نیک خواہشات کا اظہار کیا، دونوں رہنماو¿ں نے عید الاضحی کے تہوارجو قربانی، ہمدردی اور اتحاد کی علامت ہے کی اہمیت ،فلسطین کے بہادر و مظلوم عوام کی حالت زار، دو طرفہ تعلقات و مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیااور عالمی برادری پر زور دیا فلسطین میںامن بحالی کی کوششوں کو بڑھائے ،خطے میں تشدد ،خونریزی کا فوری خاتمہ یقینی بنایاجائے۔

وزیراعظم ،امیر قطر نے دوستی و بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ ،خطے و عالمی امن، استحکام ،خوشحالی کے فروغ کےلئے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا،شہبازشریف نے تجارت، سرمایہ کاری ،محنت کے شعبوں میں پاکستان کےلئے قطر کی حمایت و تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت قبول کرنے پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا دورہ پاکستان کی تاریخیں جلد طے کرلی جائیں گی۔

مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف ،سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی،دونوں رہنماﺅں کے درمیان عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد ،نیک خواہشات کے اظہار کا تبادلہ ہوا،وزیر اعظم نے عمان کے سلطان، حکومت اور عوام کو عید الاضحی کی دلی مبارکباد دی، عمان کے سلطان ،عوام کی صحت و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، عمان کے سلطان نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحی کی مبارکباد دی ،نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماﺅں نے امت مسلمہ کی صفوں میں امن و اتحاد کےلئے دعا کی،دوستی و بھائی چارے کے مضبوط رشتے کا اعادہ کیا جو مشترکہ اقدار و باہمی احترام پر مبنی ہے۔ ٹیلیفونک رابطے میںعلاقائی صورتحال بالخصوص فلسطین کی صورتحال، خطے وعالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کےلئے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا، وزیراعظم نے عمان کے سلطان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کےلئے اپنی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی حکومت کی وزارتوں ،اداروں کو (ای آفس)پر منتقل کرنے کیلئے اہم جائزہ اجلاس ہوا۔ شہبازشریف نے کہاای آفس کے استعمال کا اصل مقصد عوام کو بہترین سروسز کی فراہمی، حکومتی نظام میں شفافیت لانا ہے،کاغذ کا استعمال کم سے کم ہونے سے ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ای آفس پر منتقلی سے ملکی خزانے کے اربوں روپے بچائے جاسکیں گے، ای آفس کو استعمال میں آسان و محفوظ بنایا جائے، چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ تعاون کے معاہدے پیشرفت تیز کی جائے۔