پنجاب کی فنانشل پاکٹ کو بڑھانا چاہتے ہیں، عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے:مریم نواز

لاہور :( اپنے رپورٹر سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا9واں اجلاس ہوا ،پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے 5446ارب روپے کے ٹیکس فری سرپلس بجٹ کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے 3ماہ میں ریکارڈ مہنگائی کم ہونے پر وزیراعلی مریم نواز کو خراج تحسین کیا، وزیراعلیٰ مریم نوازاو رکابینہ نے دن رات محنت کرنے پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کی خدمات کو بھی سراہا۔

کابینہ اجلاس میں بتایا گیا نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں اور نہ ہی موجودہ ٹیکسز کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے، ٹیکس بڑھائے بغیر مالیاتی ذرائع سے ریونیو میں 53 فیصد کااضافہ کیا جائے گا،صوبائی کابینہ نے842 ارب روپے ڈویلپمنٹ اخراجات اور 630ارب روپے کے سرپلس بجٹ کی منظوری دی ہے،سالانہ ڈویلپمنٹ پلان میں 77 نئے میگا پراجیکٹ شامل ہوں گے،اجلاس میں بتایا گیا پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پیکیج کی بھی منظوری دی گئی۔

صوبائی کابینہ نے 842ارب کے ریکارڈ ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی ، سابقہ ریونیو ہدف 625ارب جبکہ موجودہ ریونیو ہدف 960 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، 960 ارب ریونیو صوبہ اپنے ذرائع سے اکٹھا کرے گا، کابینہ نے کم ازکم اجرت 32ہزار سے بڑھا کر 37ہزار ، تنخواہوں میں 20سے25فیصد او رپنشن میں 15فیصد اضافے کی منظوری دی۔

اجلاس میں بتایا گیا مینارٹی ڈویلپمنٹ فنڈ میں پہلی مرتبہ ایک ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا ہے، اجلاس میں گندم کے قرض کی مد میں 375ارب کی ادائیگی کی منظوری دی گئی جس سے سود ادائیگی کی مد میں 54ارب سے زائد کی بچت ہوگی ، کابینہ نے لیپ ٹاپ سکیم کےلئے 6ارب او رپی کے ایل آئی انڈومنٹ فنڈ کےلئے 5ارب کی منظوری دی ، اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا سوشل پروٹیکشن کیلئے 130 ارب مختص کیے گئے ہیں جبکہ 110ارب کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے، پنجاب نے ایف بی آر ٹارگٹ سے 36 فیصد زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا ،اجلاس میں 2023-24 بجٹ کی سپلیمنٹری گرانٹ کیلئے 268 ارب اور مالی سال-24 2023کے سپلیمنٹری بجٹ سٹیٹمنٹ کی منظوری دی گئی ، کابینہ نے زرعی آلات کیلئے 26 ارب، کسان کارڈ 10 ارب، سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام 30 ارب، سی ایم ڈسٹرکٹ ایس جی ڈی پروگرام کیلئے 80 ارب کی منظوری دی ، لاہور ڈویلپمنٹ کیلئے 35 ارب، مری کےلئے 5ارب، لائیو سٹاک کارڈ کیلئے 2 ارب، ہمت اور نگہبان کارڈ کیلئے 2ارب، ری سٹرکچرنگ ایجوکیشن کیلئے 26ارب کی منظوری دی ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب کی فنانشل پاکٹ کو بڑھانا چاہتے ہیں، عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے،اپنے وعدوں او رترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کےلئے دن رات ایک کریں گے، کارکردگی پر ہی ڈی سی کی تعیناتی ہوگی، مسلسل مانیٹرنگ کررہے ہیں علاوہ ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مر یم نواز اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے