وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیکس فری بجٹ پیش کرکے عوام دوستی کا ثبوت دیا :خواجہ عمران نذیر

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلی مریم نواز شریف اور وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بجٹ برائے مالی سال 25-2024 میں 5446 ارب روپے مختص کرکے عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے پنجاب کے سالانہ بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 842 ارب روپے کے فنڈز مختص کرکے صوبہ میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل ہوں گے۔وزیر اعلی پنجاب نے 100 دنوں میں ترقیاتی منصوبے شروع کرکے ڈیجیٹل سپیڈ کی بنیاد رکھ دی ہے۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیلئے 43 ارب روپے کا بجٹ مختص کرکے صحت کو اوّلین ترجیح قرار دیا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ مریم نواز شریف نے ریکارڈ فنڈز مختص کرکے پنجاب میں ترقی کے سفر کا آغاز کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہیلتھ سیکٹر میں 3000 ہسپتالوں اور مراکز صحت کی ری ویمپنگ سے ثابت کیا ہے کہ عوام کی خدمت کیسے کی جاتی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بجٹ برائے مالی سال 25-2024 کے ذریعے عوام کو ریلیف اور کاروبار میں ترقی کا سفر مزید تیز کیا جائیگا۔