میڈیا ورکرز کو ویج ایوارڈ کے مطابق تنخواہیں ،مراعات ملنی چاہئیں ‘عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وفاقی حکومت کو میڈیا ورکرز کے نویں ویج بورڈ ایوارڈ پر عملدرآمد کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے میڈیا ورکرز کو ویج ایوارڈ کے مطابق تنخواہیں ،مراعات ملنی چاہئیں ۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہاویج ایوارڈ صحافیوں کا ہر دور میں دیرینہ مطالبہ رہا ہے، بدقسمتی ہے کوئی حکومت عملدرآمد نہیں کراسکی، ویج ایوارڈ کے مطابق صحافیوں کو وہ تمام سہولیات و مراعات ملیں گی جو سرکاری ملازمین کو ملتی ہیں، رپورٹرز،کیمرہ مین،فوٹوگرافر،سب ایڈیٹر حقیقی معنوں میں جرنلزم کی پہچان ہیں ، میڈیا ورکرز کا حق مریم نواز دلوائیں گی۔

وزیر اطلاعات نے کہاسرکاری اشتہارات کو میڈیا ورکرز کی تنخواہوں سے مشروط کرنے کا قانون پہلے سے موجود ہے، وفاقی حکومت عملدرآمد کرے،میڈیا ورکرز کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا، پنجاب حکومت معاملے میں ہر قسم کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے،وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے بھی گزارش ہے میڈیا ورکرز کو حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔