ملک دیوالیہ کرنے کے خواب دیکھنے والوں کی سازشیں دھری رہ گئیں،شہباز

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے عوام دوست بجٹ پیش کیا، ملک کو معاشی مشکلات کے منجھدار سے نکال کر استحکام کی سمت میں لائے، ملک دیوالیہ کرنے کے خواب دیکھنے والوں کی سازشیں دھری کی دھری رہ گئیں، نوازشریف کی قیادت میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، سازشی ٹولے نے ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالا، ملک کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی بے حرمتی کی گئی،برادرانہ ممالک و سرمایہ کاروں کا معاشی پالیسیوں پر اعتماد اور ملک میں بڑھتی غیر ملکی سرمایہ کاری حکومتی ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا تاریخ گواہ ہے اپنی سیاست قربان کرکے معیشت کو بچایا،برسہا برس سے عملی سیاست میں ہوں مگر ایسی انتشار سے بھرپور سیاست تاریخ میں پہلی مرتبہ دیکھی،ملک کے مزدور، کسان و تنخواہ دار طبقے کے ریلیف کیلئے اقدامات کریں گے،بھرپور حمایت پر آپ سب اور اتحادی جماعتوں کامشکور ہوں،بجٹ پر جھوٹ و پروپیگنڈے کا موثر جواب دیں، پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے شب و روز محنت کرنی ہے،قوم کو بنیادی صحت، اعلیٰ تعلیم و ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے ہیں،نوجوانوں کی آئی ٹی شعبے میں تعلیم و تربیت یقینی بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہادنیا بھر میں جہاں بھی گیا، قرض کی بجائے سرمایہ کاری کا کہا،سرمایہ کاری وہیں آتی ہے جہاں امن و سیاسی استحکام ہو،با وقار قومیں محنت،حوصلے سے اپنی تقدیر بدلتی ہیں،چین و باقی ترقی یافتہ ممالک سے سیکھتے ہوئے پاکستان کے معروضی حالات کے تناظر میں اپنا تابناک مستقبل خود بنانا ہے،حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے۔

دوسری جانب حکومتی اخراجات کم کرنے کیلئے قائم کی گئی کمیٹی نے وزیراعظم کو ابتدائی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کچھ سرکاری اداروں کو بند کرنے، کئی اداروں کو ضم کرنے اور کچھ اداروں کو صوبوں کے حوالے کرنے کی سفارش کردی۔

شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی اخراجات و حکومتی ڈھانچے کا حجم کم کرنے کے امور پر اہم اجلاس ہوا ،کمیٹی کی جانب ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی،کمیٹی نے مزید تجاویز دیتے ہوئے کہانئے بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین کی کنٹری بیوٹری پنشن کا نظام لایا جائے،سرکاری اداروں میں سروسز کی فراہمی کے لیے نجی شعبے کی خدمات لی جائیں،سرکاری اہلکاروں کے غیر ضروری سفر پر پابندی عائد ،ٹیلی کانفرنسنگ کو فروغ دیا جائے ایسے سرکاری افسر جو مونو ٹائیزنگ کی سہولت لے رہے ہیں ان سے سرکاری گاڑیاں فوری واپس لی جائیں، وزیراعظم نے کہاکمیٹی عالمی سطح کے بہترین تجربات سے استفادہ حاصل کر کے ٹھوس تجاویز دے،امید ہے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی سفارشات کی روشنی میں قوم کے اربوں کی بچت ہو سکے گی۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور پر اہم جائزہ اجلاس ہوا،شہباز شریف نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کا قائد اعظم ہیلتھ ٹاور تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے قومی وزارت صحت کے ماتحت لیبارٹریز کے معیار و کارکردگی،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان اوراسلام آباد کے ہسپتالوں کےلئے نئے طبی آلات و ایمبو لینسز کی خریداری کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی۔

شہبازشریف نے کہا صحت کا شعبہ انتہائی اہم اور حساس شعبہ جس کے ذمہ انسانی جانیں بچانے کا اہم فریضہ ہے، ہیلتھ ٹاور میں بہترین معیار کے ہسپتالوں کے علاوہ میڈیکل یونیورسٹی ، نرسنگ یونیورسٹی،جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ لیبارٹریز و امراض کی تشخیص کے مراکز قائم کئے جائیں، وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تمام ملکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اور شراکت داروں کی مدد سے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔

علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے فن لینڈ کے صدر کی جانب سے پاکستان کے سلامتی کونسل کے غیرمستقل ممبر کے طور پر انتخاب پر نیک خواہشات کے پیغام پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے پاکستان عالمی قوانین اور اقوام متحدہ چارٹر کی پاسداری کےلئے کام کرے گا۔

ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاوی کے نائب وزیر اعظم سالوس شلیما کی ہوائی جہاز کے حادثے میں موت پر گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا اور کہادکھ کی گھڑی میں ملاوی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہیں۔