دنیا کے بڑھتے درجہ حرارت پر ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کا انتباہ تشویشناک ہے :شیری رحمان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی وارنگ پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے دنیا کو بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے حوالے سے انتباہ کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ادارے کے مطابق 80 فیصد امکانات ہیں کہ اگلے پانچ سالوں میں (2028 تک) عالمی درجا حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہوجائے۔ شیری رحمان نے کہاکہ یہ ہمارے سیارے اور انسانی حیات کیلئے تباہ کن حد ثابت ہو سکتی ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ اگر عالمی اخراج اور دیگر ماحولیاتی بحرانوں پر قابو نہ پایا گیا تو 2030 کی دہائی سے پہلے ہی عالمی درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہو جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ پیرس معاہدے کے مطابق عالمی درجا حرارت کے ہدف کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنے نہیں دیا جا سکتا، پاکستان پہلے ہی شدید درجا حرارت کا سامنا کررہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ 2017 میں تربت، 2018 میں نواب شاہ، 2022 میں جیکب آباد اور رواں سال موہنجو داڑو سیارے کے گرم ترین علائقے رہے،ہم کرہ ارض کے سب سے گرم ترین علائقوں کا گھر بن چکے ہیں، درجا حرارت میں غیر معمولی اضافہ صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں رہے گا کیوں کہ میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں کہ ماحولیاتی تبدیلی سرحدوں کو نہیں جانتی لہذا عالمی برادری کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور تباہ کن نتائج سے بچنے کے لیے ابھی سے کام کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ممالک کو توانائی، نقل و حرکت اور زراعت سمیت تمام شعبوں میں گرین ہاوس گیسوں کے اخراج میں شدید کمی کے لیے پالیسیوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کو فاسل فیول پر انحصار کو کم کرنے کے لیے ہوا اور شمسی توانائی جیسے قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر تیزی سے منتقلی کی ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ جنگلات، زمین، دریا اور سمندروں کی حفاظت اور بحالی بھی بہت ہی ضروری ہے، یہ فیصلہ کن کارروائی کا وقت ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر ہم فوری اور مو¿ثر طریقے سے درجا حرارت پر قابو نہیں پا سکے، تو آنے والی نسلوں کو نہیں بلکہ ہمیں خود تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔