اسلام آباد(بیورورپورٹ) جسٹس بابر ستار کےخلاف سوشل میڈیا مہم اور فیملی کا ڈیٹا لیک کرنے پر توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین رکنی لارجر بنچ نے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا،بنچ میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان شامل ہیں، حکم نامے میں کہا گیا ہے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے رپورٹ کا جائزہ پیش کیا گیا، رپورٹ کے مطابق ٹوئٹ کرنے اور ری ٹوئٹ کرنے والے چند اکاونٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، رپورٹ سے صاف ظاہر ہے کہ معزز جج کےخلاف تین ہیش ٹیگز پر مبنی یہ ایک منظم مہم تھی،حکم نامے میں کہا گیا ہے ایف آئی اے حکام کے مطابق چند مزید اکاونٹس سے متعلق معلومات آئندہ سماعت پر عدالت کے سامنے رکھی جائیں گی، ایف آئی اے کی جانب سے ایکس انتظامیہ کو بھی ایمرجنسی ریکویسٹ بھیجی گئی ہیں، دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے آئی ایس آئی کی رپورٹ جمع کرائی گئی مگر بڑی مایوسی کےساتھ کہنا پڑھ رہا ہے آئی ایس آئی کی رپورٹ انتہائی ناکافی ہے،حکم نامے میں ججز نے کہا ہے رپورٹ کے پہلے 2 صفحات پر کہا گیا ہے اکاو¿نٹس غیر فعال ہونے کے باعث پیش رفت نہیں ہوسکتی، عدالت نے ففتھ جنریشن وار کے تناظر میں پوچھا کہ اگر صدر مملکت یا آرمی چیف پر توہین مذہب کے الزامات عائد کیے جائیں تو کیا آئی ایس آئی پھر بھی یہی جواب دے گی؟ عدالت نے یہ بھی پوچھا کیا آئی ایس آئی ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے؟ تو ہمیں ان دونوں سوالوں سے متعلق جواب نہیں مل سکا،دریں اثنا ءاسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹوئٹر ایکس کارپوریشن کے چیف لیگل کونسل سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے،عدالت نے آفس کو ہدایت دی ہے ایکس کارپوریشن کے چیف لیگل کونسل سے خط و کتابت کی جائے، لیٹر بھجوانے سے قبل اس کا ڈرافٹ چیمبر میں بنچ ارکان کے سامنے رکھا جائے، سیکرٹر ی دفاع آئی ایس آئی کی جانب سے آئندہ سماعت سے قبل جامع رپورٹ پیش کریں، کیس کی آئندہ سماعت 2 جولائی کو ہوگی۔
صدر یا آرمی چیف پر توہین مذہب کا ٹوئٹ ہو تو کیا آئی ایس آئی یہی جواب دے گی کچھ نہ ہوسکا؟ :اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامہ
















