پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے اور آپریشن کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آپریشن کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں پی ٹی آئی رہنماعمر ایوب کی جانب سے وکلا شعیب شاہین اور عمیر بلوچ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ سی ڈی اےکے وکیل حافظ عرفات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سٹیٹ کونسل نے دلائل دئیے۔

دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے نے اپنے ریکارڈ میں نوٹس لگائے مگر موجودہ نوٹس کاذکر نہیں، سی ڈی اے نے فراڈکیا، اگر دیکھا جائے تو 2 نوٹس کا ایک ہی نمبر ہے اور جو نوٹس بھیجے گئے وہ پی ٹی آئی کو نہیں بلکہ سرتاج علی کوبھیجے گئے ہیں۔ شعیب شاہین نے کہا کہ میڈیا میں بیان دیاگیا کہ ہم سرتاج علی سے زمین واگزار کرارہے ہیں، آپریشن کے وقت میڈیاکویہ بھی بتایاکہ پی ٹی آئی کو ہم نے نوٹس ہی نہیں کیا۔

سی ڈی اے وکیل نے عدالت میں کہا کہ انہوں نے خود مانا انہوں نے کمرشل پلاٹ خریدا اور اس کا استعمال ہی تبدیل کردیا،کمرشل پلاٹ کو پارٹی کیلئے استعمال کیاگیا جس سے وہاں کے لوگ متاثر ہورہے ہیں، جتنی اجازت دی گئی انہوں نے اسکے اوپرمزید تعمیرات کیں۔

اس پر عدالت نے سی ڈی اے وکیل سے پوچھا کون سے نوٹس میں کہا ہے کہ اس پلاٹ کو کسی اور مقصد کیلئے استعمال نہیں کیاجاسکتا ؟ اگر کسی نے پلاٹ کرائے پر دیا ہوا ہو تو نوٹس کس کو جائےگا؟ عدالت نے کہا ہم نے کئی کیس دیکھے جن میں سی ڈی اے والے کبھی ایک کو نوٹس کرتے ہیں کبھی دوسرے کو، آپ ایسے معاملات پرمالک اور کرایہ دارکو نوٹس کیوں نہیں کرتے تاکہ معاملہ ایک ہی بارمیں ختم ہو۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔