تیرہ کروڑ عوام کو جوابدہ، پولیس کرائم کنٹرول کرے، کسی جگہ پر بھی نوگو ایریا برداشت نہیں: مریم نواز

لاہور ( اپنے رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے 13 کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں، پولیس کرائم کنٹرول کرے،پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں،پولیس کے امور میں سیاسی مداخلت ختم کرا دی ہے ،وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، آئی جی پنجاب نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی،مریم نواز نے کہاحقائق سے آنکھیں بند نہیں کی جا سکتی، پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں، صوبے بھر میں کرائم ریٹ کو ہر صورت نیچے لانا ہوگا، جرائم زیادہ ہو تو عوام حکومت کی ریفارمز اور ڈویلپمنٹ بھول جاتی ہے، پولیس قربانی بھی دے رہی ہے مگر کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں، پولیس کے ساتھ ہوں، فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، یونیفارم پہن کر اظہار یکجہتی کیا، پولیس کو پورے وسائل مہیا کر رہے ہیں تاکہ کارکردگی میں کمی نہ آئے،کرپشن کے خاتمے کیلئے پولیس میں کارکردگی کے تجزیے اور جانچ کا نظام لا رہے ہیں، بین الصوبائی سمگلنگ روکنے کیلئے 14 خصوصی چیک پوسٹ بنائی جا رہی ہیں، گاڑیاں، آلات، اسلحہ، ٹریننگ اور پولیس کی ہر ڈیمانڈ پوری کر رہے ہیں، چیک پوسٹ پر کھڑے ہر پولیس اہلکار کی حفاظت کو یقینی بنانا ذمہ داری ہے، ڈی جی خان ماڈل پر صوبے بھر میں بجلی چوری کے سدباب کےلئے موثر کارروائی کی جائے، بجلی چوری ختم ہوگی تو لوڈشیڈنگ بھی صفر ہو جائیگی، 10افراد کو ہجوم سے بچانے اور بحفاظت نکالنے پر آئی جی، آر پی اوسرگودھا اور ڈی پی او کو سراہتی ہوں، لاہور میں ڈکیتی کے واقعات میں 50فیصد سے زائد کمی خوش آئند ہے، تنخواہ لیکر جانے والے مزدوروں کا لٹ جانا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے، آر پی او شیخوپورہ کو ڈکیتی کے واقعات پر قابو پانے کیلئے ڈیڈ لائن دےدی ہے، ڈرگز کے سدباب کےلئے مستقل بنیادوں پرایکشن جاری رکھا جائے، ہوائی فائرنگ کے واقعات کو روکنے کےلئے پولیس موثر اقدامات کرے،ٹریفک وارڈن کی موجودگی میں روڈ بلاک ہونا انتہائی افسوسناک ہے، روڈ پر موٹر بائیک سواروں سے لین کی پابندی کرائی جائے، پولیس کے امور میں سیاسی مداخلت ختم کرا دی، اب پولیس پرفارم کرے، ڈی پی او ز اپنے ڈسٹرکٹ کو کرپٹ اہلکاروں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کریں،اجلاس کے دوران پنجاب کی جیلوں میں بیگر بیرک کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سابق اداکارہ و ماڈل زینب جمیل پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دےدیا،مریم نواز نے سوشل میڈیا انسٹاگرام اکاﺅنٹ کی سٹوری پر زینب جمیل پر قاتلانہ حملے سے متعلق اپنا بیان جاری کیا اور کہا میں نے ڈی آئی جی آپریشنز کو بغیر کسی تاخیر کے زینب جمیل پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے،خواتین کےخلاف جرائم سے سختی اور تیزی سے نمٹا جا رہا ہے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سی پی این ای کے نومنتخب صدر ارشاد احمد عارف،جنرل سیکرٹری اعجاز الحق، سینئر نائب صدر انور ساجدی،نائب صدر عامر محمود اور دیگر نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے، مریم نواز نے کہا سی پی این ای کا میڈیا انڈسٹری میں بہت کلیدی رول ہے،سی پی این ای نے ہمیشہ ملکی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحافتی ذمہ داریاں ادا کیں،اخبارات آج بھی خبروں کے حوالے سے مستند اور قابل بھروسہ تصویر کیے جاتے ہیں،امید ہے سی پی این ای کے نومنتخب عہدیدار میڈیا انڈسٹری کی ترقی اور فروغ کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے،وزیراعلیٰ مریم نواز نے ”والدین کے عالمی دن“ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا آج والدین کی بے لوث محبت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، والدین کی محبت کو سال کے 365 دن خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے، بیٹی اور ماں کی حیثیت سے والدین کے پیار و محبت اور رہنمائی کی ضرورت کا بخوبی احساس ہے، ذمہ دار شہری بنانے کیلئے والدین غیر مشروط محبت، پیار اور دیکھ بھال کے ساتھ پرورش کرتے ہیں، میں تمام والدین کی انتھک کوششوں اور قربانیوں پر سلام پیش کرتی ہوں اور شکریہ ادا کرتی ہوں، والدین کا اپنے بچوں کی بہتر زندگی کیلئے غیر متزلزل عزم خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔