مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے حامی، اسرائیل جرائم میں ملوث ہے: مہران موحدفر

لاہور :(انٹرویو پینل: اشرف سہیل، ندیم نظر، عبدالمقدم کامران/ عکاسی: واحد شہزاد) ایران اور پاکستان گہرے دوست اور برادر ممالک ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ دونوں ملک تاریخی و مثالی تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں۔ ایران، ترکیہ اور پاکستان ملکر خطے کی معیشت و معاشرت کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جاسکتے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ پاکستان، چین، روس، ترکیہ اور سعودی عرب سے ملکر عالمی و علاقائی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ فلسطین ایران، پاکستان یا عالم اسلام نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ اسرائیل امریکہ کی ناجائز حمایت کے بل بوتے پر امن دشمن جرائم میںملوث ہے۔ فلسطین کے عوام کو دنیا بھر کے امن پسند حلقوں کی حمایت حاصل ہے۔ حماس کی اخلاقی بنیادوں پر حمایت کرتے ہیں، انہیں اسلحہ اورافرادی قوت فراہم کرنے کے الزامات بے بنیاد پراپیگنڈ ا ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور میں ایران کے قونصل جنرل مہران موحدفر نے روزنامہ ”مشرق“ لاہور کو پینل انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی کانفرنس تنظیم کو فلسطین سمیت اسلامی دنیا کو درپیش تمام مسائل پر نتیجہ خیز کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان، ایران گیس پائپ لائن کی تکمیل میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ گیس پاکستان کی ناگزیر ضرورت ہے جو ایران فراہم کرنے کو تیار ہے۔ امید ہے کہ دونوں ملک اس معاملے کو باہمی روابط کی مدد سے کامیابی سے طے کرلیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ صدر ابراہم رئیسی اور انکے ساتھیوں کی شہادت میں کسی سازش کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ ایرانی ادارے اس حادثے کی ابھی مزید تحقیقات کررہے ہیں، اس پر سامنے آنے والی رپورٹ پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اپنے قائدین کی شہادت کے صدمے سے جلد باہر نکل کو زیادہ قوت کے ساتھ علاقائی و عالمی امن و ترقی میں کردار ادا کریگی۔ اس موقع پر گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل اور میگزین ایڈیٹر ندیم نظر نے روزنامہ ”مشرق“ کی انتظامیہ اور سٹاف کی جانب سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور انکے ساتھیوں کی شہادت کے واقعہ پر گہرے صدمے و افسوس کا اظہار کیا۔