ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے تعلیم کو سیاست سے پاک کیا جائے: رانا سکندر حیات

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وزیر برائے سکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ملکی معیشت میں استحکام کےلئے انٹرن پنیورشپ کا فروغ ضروری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم وتحقیق کے زیر اہتمام ”تعلیم برائے انٹرنپنیورشپ “ کے موضو ع پر 15 ویں پوسٹ گرایجوئیٹ سٹوڈنٹس کانفرنس سے وحید شہید ہال میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود ، ڈائریکٹر ادار ہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود ، کانفرنس سیکرٹری عفت علوی، سینئر فیکلٹی ممبران ،محققین اور طلباﺅطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ بنگلہ دیش، بھارت اور ملائیشیا میں خواتین کو ہر شعبہ میںآگے لایا گیا تاکہ ملک ترقی کریں ۔انہوں نے کہا کہ انٹرنپنیورشپ کے فروغ کےلئے طلباءکو ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 62فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اگر انہیں تعلیم کے ساتھ مہارتیں فراہم کردی جائیں تو وہ ملک کو بہت آگے لے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اعلیٰ تعلیمی معیار کیلئے ضروری ہے کہ تعلیم کو سیاست سے پاک کیا جائے ، نصاب تعلیم اور نظام تعلیم میں تبدیلی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ تعلیم و تحقیق پاکستان کا بہترین ادارہ ہے جو سکولوں کو حقیقی اساتذہ قیادت فراہم کررہا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں انڈر گرایجوایٹ کی سطح پر ہر شعبہ میں انٹرنپنیورشپ کا مضمون لازمی کردیا گیا اور بزنس انکوبیشن سنٹر کے قیام سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے طلباءکو ایسی تعلیم کی جانب راغب کرنے کیلئے کوشاں ہیں جس سے وہ نوکری کے خواہشمند بننے کی بجائے نوکریاں دینے والے بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پنجاب یونیورسٹی میں انٹرنپنیور شپ گالا کا انعقاد کیاگیا جس میں ہمارے طلباﺅطالبات نے کاروبار کے نئے آئیڈیاز پیش کئے اس کے علاوہ شعبہ فارمیسی کی طالبات اپنا برانڈ بنا کر آن لائن سیل کررہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اورخطے کے بچوں کوزیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے حکومتی تعاون جاری رہے گا۔پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد طلباءکو ریسرچ کے مختلف پہلوﺅں سے روشنا س کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ تعلیم و تحقیق کی’ ICORE‘ ایک برانڈ کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام گزشتہ آٹھ ماہ میںبین الاقوامی کانفرنسز سمیت متعدد پروگرام کئے جا چکے ہیںجس کےلئے منتظمین کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔