لاہور(مرزا ندیم بیگ )آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا پنجاب بھر کی جیلوں میں کام کرنے والے اسیران اور ان پر مامور اہلکاروں کیلئے احسن اقدام، شدید گرمی سے انکو بچانے کیلئے ایک تو ٹائم تبدیل کر نے اور دوسرا کچی لسی کے ساتھ چھتری نما ہیٹ کے استعمال کرنے کے احکامات دیئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق موسم گرما کی شدید لہر کے باعث آئی جی پنجاب جیل خانہ جات نے پنجاب بھر کی تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو جو مراسلہ جاری کیا ہے اس کے مطابق محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق آئندہ آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے ،اس ضمن میں درج ذیل ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے، شدید گرمی سے بچاﺅ کیلئے اسیران جیل فارم اور بیرونی پنجہ جات میں صبح 7 بجے تا 10 بجے تک مشقت کیا کریں گے ،ان اسیران کو صبح 10 بجے کے بعد سے شام 4 بجے تک ریسٹ دی جائے اس کے بعد دوبارہ چار بچے سے چھ بجے تک مشقت کروائی جائے ،دوران مشقت اسیران کو چھتری ہیٹ پہنائی جائے ،اسکے علاوہ اسیران کی نگرانی پر جو مامور اہلکار ہوں گے انکو بھی چھتری ہیٹ پہنائی جائے تاکہ اسیران و ملازمین کو شدید گرمی ،ہیٹ سٹروک سے بچایا جا سکے جبکہ جو اسیران کچن،اندرون پنجہ میں کام کرتے ہیں اور جو وارڈرز مین وال کے ساتھ دن کے اوقات میں تعینات ہیں ان کو دن میں ایک بار کچی لسی اور پانی 500 ملی لٹر روزانہ کی بنیاد پر فراہم کیا جائے ،ان ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور کمپلینس رپورٹ،سرٹیفکیٹ دو دن کے اندر ہیڈ آفس بھجوائیں،اس حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ صرف ان کیلئے ہے جو بیرکس سے باہر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں جبکہ جو بیرکس میں ہیں جن میں خاص کر خواتین اور بچے ہیں ان کیلئے پانی کی سہولت دستیاب ہے، انکو کچی لسی نہیں دی جائیگی۔
گرمی کی شدید لہر، آئی جی جیل کے قیدیوں، اہلکاروں کو کچی لسی فراہم کرنے کے احکامات
















