ای سی سی کا اجلاس آج طلب، دہشت گرد حملے میں ہلاک چینیوں کیلئے پیکیج کی منظوری متوقع

اسلام آباد (مشرق نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا جس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائیگا۔ نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل کے مالی مسائل حل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری کا امکان ہے۔ وزارت قومی صحت کو ویکسین پروگرام کیلئے 12 ارب روپے سے زائد کی تکنیکی گرانٹ ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ داسو ڈیم پر دہشت گردی میں ہلاک ہونے والی چینی شہریوں کیلئے پیکیج کی منظوری متوقع ہے۔

اجلاس میں ایرا کیلئے ایک ارب 2 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ اور پاکستان سٹیل ملز کو گیس کی فراہمی کیلئے فنڈز کے اجرا کی منظوری دی جائیگی۔ وزارت داخلہ اور اسلام آباد کی انتظامیہ کیلئے ضمنی گرانٹ بھی ایجنڈے میں شامل ہے اور وزارت توانائی کیلئے 2 ارب روپے سے زائد کی گرانٹ پر غور کیا جائیگا۔ اجلاس میں نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے 18 کروڑ 45 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی جائےگی۔