سب انسپکٹر کی بیٹی سی ایس ایس امتحان میں کامیاب، پولیس کے وقار میں اضافہ ہوا:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر فہیم اکبر کی ہونہار بیٹی کی شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ علیزہ فہیم نے سی ایس ایس میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ میں جگہ حاصل کی ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی اسسٹنٹ کمشنر بننے والی علیزہ اور ان کے سب انسپکٹر والد سے اپنے دفتر میں ملاقات کی، سب انسپکٹر فہیم اکبر اور ان کی بیٹی کی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علیزہ فہیم کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا اور والد کو بھی مبارک باد دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سب انسپکٹر فہیم کی بیٹی کی سی ایس ایس میں کامیابی سے پولیس فورس کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے، سب انسپکٹر فہیم اکبر کی بیٹی کی طرح دیگر پولیس اہلکاروں کے بچے بھی مقابلے کے امتحانات میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے علیزہ کو ٹریننگ بھرپور تندہی اور لگن سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے پولیس خدمت مرکز لیاقت باغ کا افتتاح کر دیا ہے، تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور منگل کی شب راولپنڈی پہنچے اور غازی کانسٹیبل انعام کے ہمراہ پولیس خدمت مرکز لیاقت باغ کا افتتاح کیا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور دیگر سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ آر پی او راولپنڈی نے پولیس خدمت مرکز میں شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس خدمت مرکز میں کریکٹر سر ٹیفکیٹ، پولیس ویریفکیشن، کرایہ داری کوائف کا اندراج،ایف آئی آر کی کاپی، لرنر ڈرائیونگ لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، آئی جی پنجاب نے خدمت مرکز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، سٹیٹ آف دی آرٹ طرز پر کی جانے والی اپ گریڈیشن کو سراہا۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ اوّلین ترجیحات میں شامل ہے، تمام سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کی درخواستوں پر ایکشن لیتے ہوئے ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ویلفیئر، ڈسپلن، ایڈمن اور دیگر پیشہ وارانہ امور بارے درخواستیں کو میرٹ کے مطابق فی الفور نمٹایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی درخواستوں پر ریلیف کے احکامات جاری کئے۔