پولیس کے زیر انتظام سکولوں میں اے لیول، او لیول شروع کیا جائے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف اضلاع میں قائم پولیس ویلفیئر سکولوں میں طلبا کی تعداد بڑھانے کے احکامات جاری کئے ہیں، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز پولیس ویلفیئر سکولوں کا خود دورہ کریں، انتظامی و تدریسی عمل کی سپرویژن کو مزید بہتربنائیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے تمام سکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے، پنجاب پولیس کے زیر انتظام سکولوں میں اے لیول او لیول پروگرامز شروع کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس بارے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کی جدید تربیت یافتہ پروفیشنل فورس ہے جس کے اعلیٰ تربیت یافتہ کمانڈوز ہائی پروفائل آپریشنز سمیت تمام چیلنجز کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ دہشت گردی، شدت پسندی خطرات کے پیش نظر ایلیٹ فورس کی ٹریننگ، رسپانس ریٹ مزید بہتر بنایا جائے، ایلیٹ پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے ماہر انسٹرکٹرز کی خدمات سے استفادہ کیاجائے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہا کہ ایلیٹ پولیس سنٹر میں جاری ترقیاتی کاموں کو اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول و دیگرپیشہ ورانہ امور بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں سی ایس ایس میں کامیابی حاصل کرکے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس منتخب ہونے والی ملتان کی ہونہار طالبہ سمعیہ سلیم نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، اے ایس پی سمعیہ سلیم نے اہل خانہ کے ہمراہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سمعیہ سلیم کو محکمہ پولیس کا حصہ بننے پر مبارکباد دی، آئی جی پنجاب نے اے ایس پی سمعیہ سلیم کے والدین اور بھائی کو بھی مبارک باد دی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سمعیہ سلیم نے جنوبی پنجاب کے مشکل حالات میں تعلیمی سفر کامیابی سے جاری رکھا، سمعیہ سلیم تمام پاکستانی بیٹیوں کیلئے رول ماڈل ہیں۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کی پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے ہیڈ کانسٹیبل ذکا اللہ (مرحوم) کی بیٹی صبا شہزادی کی بطور جونیئر کلرک بھرتی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف کی ہدایت دی، انسپکٹر (ریٹائرڈ) مہر مانک کے بیٹے کے میڈیکل بلز کی ادائیگی کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا،ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل محمد شاہد حمید (مرحوم) کے بیٹے جواد کی فیملی کلیم پر بطور کانسٹیبل بھرتی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو کاروائی کی ہدایت کی۔ ہیڈ کانسٹیبل رضوان اشرف کی سرکاری کوارٹر فراہمی کی درخواست سی سی پی او لاہور کو بھجوا دی۔