مسئلہ کشمیر کو سیاسی، سفارتی طریقوں سے ہی حل کیا جاسکتا ہے: بیرسٹر سلطان محمود

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی ہر یونیورسٹی میں کشمیر انسٹیٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا جائیگا جبکہ اس سے قبل بھی میں نے آزادکشمیر کی تمام جامعات کی انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ ہر یونیورسٹی میں کشمیریات کا شعبہ قائم کیا جائے کیونکہ کشمیر انسٹیٹیوٹ کے قیام سے طلباءو طالبات کو مسئلہ کشمیر پر جامع آگاہی حاصل ہوگی۔ مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور نازک موڑ پر ہم سب کو مل کر کشمیر ایشو کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کام کرنا ہو گا۔ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی تنازعہ ہے جس کا حل سیاسی اور سفارتی طریقوں سے ہی تلاش کیا جا سکتا ہے اور اس حل کی تلاش میں کشمیریوں کی شمولیت نہایت ضروری ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں جو ظلم و ستم کر رہا ہے اسے محض انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دینا انصاف نہیں کیونکہ وہ وہاں منظم نسل کشی اور جنگی جرائم کر رہا ہے جو بین الاقوامی قانون کے تحت سنگین جرائم ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کئے جانیوالے جرائم کی ذمہ دار بھارتی حکومت، بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی، راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ جیسی تشدد پسند جماعت اور بھارتی فوج ہے۔ بھارت کی 9 لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں ہر روز کشمیریوں اور خاص طور پر نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کر رہی ہے، کشمیریوں سے انکی زمین چھین رہی ہے اور بھارت کی مختلف ریاستوں سے ہندو شہریوں کو لا کر کشمیریوں کی زمین پر آباد کر رہی ہے اور اس طرح بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر پر فوجی بلکہ آبادی کی یلغار بھی شروع کر رکھی ہے تاکہ وہ ریاست کی آبادی کا تناسب تبدیل کر کے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دے۔ بھارت کے یہ تمام اقدامات در حقیقت جنگی جرائم اور انسانیت کیخلاف جرائم ہیں جس کیلئے ہندوستان کی حکومت اور فوج کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے اور انہیں بین الاقوامی جرائم کے ٹریبونل کے کٹہرے میں کھڑا کیا جانا چاہیے کیونکہ بھارت اب عالمی سطح پر بھی دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے جس کی واضح مثال کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کا قتل ہے جس میں مودی اور بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے شواہد کینیڈین وزیر اعظم نے اپنی پارلیمنٹ میں پیش کیے ہیں۔اس کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی بھارت دہشت گردی کرانے میں ملوث ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صدر کشمیر ہاوس اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل کشمیر امریکن اوئیرنس فورم و ممتاز کشمیری رہنماءڈاکٹر غلام نبی فائی سے تفصیلی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔