اسلام آباد:(بیورورپورٹ) پاکستان نے کہاہے بھارتی سیاستدان انتخابی فوائد کےلئے پاکستان کو اپنی ملکی سیاست میں گھسیٹنا بند کریں،کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا ماضی کی طرح بھرپور جواب دیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہاافسوس سے کہنا پڑتا ہے منفی بیانات پاکستان کےساتھ غیر ضروری بھارتی جنون کی عکاسی کرتے ہیں اور انتخابی فوائد کےلئے ہائپر نیشنلزم کا فائدہ اٹھانے کے ارادوں کا اظہار اوربھارتی وزرا کی بڑھتی ہوئی ملکی و بین الاقوامی تنقید سے توجہ ہٹانے کی مایوس کن کوشش کی بھی نشان دہی کرتے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیت کا مقصد اپنی خودمختاری کا تحفظ ،علاقائی سالمیت کا دفاع کرنا ہے،پاکستان نے ماضی میں بھی اپنے دفاع کے عزم کا واضح طور پر مظاہرہ کیا اگر بھارت کی جانب سے کسی مہم جوئی کا انتخاب کیا گیا تو مستقبل میں بھی ایسا کرنے سے دریغ نہیں کرے گا،پاکستان کے اندر جارحانہ کارروائیوں کےلئے اپنی تیاری پر بھارت کا مسلسل زور جرم کا اعتراف ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہابھارتی سیاستدان انتخابی فوائد کےلئے پاکستان کو اپنی ملکی سیاست میں گھسیٹنا بند کریں، حساس سٹریٹجک معاملات کو انتہائی احتیاط کے ساتھ نمٹائیں،عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں بھارتی قیادت کی جارحانہ بیان بازی کا نوٹس لے، بیانات علاقائی امن و استحکام کےلئے سنگین خطرہ ہیں،جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے ،بھارتی رہنماو¿ں کا کوئی بھی بیان حقیقت کو نہیں بدل سکتا لہٰذا بھارت کو چاہیے تصورات میں الجھنے کی بجائے قراردادوں کو عملی جامہ پہنانے پر توجہ دے۔
بھارتی قیادت کے جارحانہ بیانات امن واستحکام کیلئے خطرہ،دنیا نوٹس لے،پاکستان



















