بھیدی پولیس اہلکار من ڈویژنز میں بدستور براجمان

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے ) لاہور شہر کے اپنی من پسند ڈویژنز کے ایک ہی تھانے میں بار بار تعینات رہنے والے پرانے بھیدی پولیس اہلکار سائلین کیلئے درد سر بن گئے۔ ان اہلکاروں کی وجہ سے جرائم کی شرح خوفناک حد تک بڑھ گئی۔روزانہ کی بنیاد پر منشیات کی خریدو فروخت چوری،ڈکیتی،راہزنی سمیت دیگر وارداتوں سے شہر کا امن داو¿ پر لگ گیا، اعلیٰ حکام نے خاموشی اختیار کرلی۔تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں ایک ہی تھانے میں باربار تعینات ہونیوالے پرانے بھیدی پولیس اہلکاروں کیوجہ سے جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں معلوم ہوا ہے کہ درجنوں ایسے پولیس اہلکار جو عرصہ دراز سے اپنی من پسند ڈویژنز کے تھانوں میں تعینات ہیں۔ ان اہلکاروں نے رہائشی کے ساتھ ساتھ یہاں دوستیاں اور رشتے داریاں تک بنا رکھی ہیں انکی شناسائی اور پرانے واسطوں کی وجہ سے پولیس کی کارکردگی صفر ہو کر رہ گئی ہے ذرائع کے مطابق منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کیساتھ ان بھیدی پولیس اہلکاروں کے ” گٹھ جوڑ اور تعلق“کے چرچے عام ہیں جو ریڈ ہونے سے قبل اپنے محسنین کو آگاہ کرکے محکمے اور ان ایماندار پولیس اہلکاروں کے خون کے ساتھ غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں جو شہر کا امن قائم رکھنے کیلئے اپنی جانوں کا نزرانہ پیش کر رہے ہیں۔ اگر کوئی منشیات فروش توبہ کر بھی لے تو یہ اہلکار اپنی منتھلی کی وصولی کیلئے اس پر ایف آئی آرز کروا دیتے ہیں جس سے تنگ آکہ وہ دوبارہ منشیات فروشی شروع کر دیتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے بہت سے پولیس اہلکار ایسے بھی ہیں جو اپنی من پسند ڈویژن کے تھانے میں ہی تعیناتی کے دوران کانسٹیبل بھرتی ہونے کے بعد اے ایس آئی اور سب انسپکٹروں کے عہدوں پر فائز ہیں ۔ شہری اور سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے من پسند ڈویژنز ایک ہی تھانے میں بار بار تعینات ہونے والے پرانے بھیدی پولیس اہلکاروں کے فوری تبادلے اور ایک ہی ڈویژنز میں تعیناتی پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مٹھی بھر اہلکاروں کی وجہ سے جہاں پولیس کی کارکردگی صفرہو کر رہ گئی ہے، وہاں جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، ان بھیدی اہلکاروں کی تبدیلی کے بعد شہر کا امن بحال ہونے کا قوی امکان ہے۔