مسلم لیگ (ن) نے بچوں کے ہاتھ میں پٹرول بم، غلیلیں نہیں دیں،ایگزیکٹو کے کام میں مداخلت کریں گے تو پھر ملک کیسے چلے گا:مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ن لیگ نے بچوں کے ہاتھ پٹرول بم اور غلیلیں نہیں دیں،چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ کا آغاز ہو گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پروگرام کےلئے ایک ہزار بچوں کا انتخاب ہوا ہے، ہزار میں سے 600 لڑکے اور 400 لڑکیوں کا انتخاب ہوا، خوشی ہے پہلی مرتبہ جاب مارکیٹ پر مبنی کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں بچیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، کوشش ہو گی کہ کورس کی تکمیل سے پہلے ہی بچوں کو روزگار مل جائے،مریم نواز نے کہا کئی لوگ کہتے ہیں ہم یہ کریں گے وہ کریں گے، مسلم لیگ ن نے بچوں کے ہاتھ پٹرول بم اور غلیلیں نہیں دیں، ہم نے بچوں کو سکیورٹی فورسز کی آنکھیں پھوڑنا نہیں سکھایا، جناح ہاو¿س کوراکھ کا ڈھیر بنا دیا گیا، ہم نے بچوں کو یہ نہیں سکھانا مار دو، صرف عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو روکا جاتا ہے، اورنج لائن کے منصوبے کو بھی روکا گیا تھا، جج صاحب اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں، ایگزیکٹو کے کام میں مداخلت کریں گے تو پھر ملک کیسے چلے گا، عوام کی بہتری کے منصوبے روکیں گے تو پھر ملک کا جو حال ہے وہی ہو گا، لیپ ٹاپ پروگرام کو دوبارہ شروع کر رہے ہیں دوسری جانب وزیراعلیٰ کی زیرصدارت لوکل گورنمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈرینج و سیوریج سسٹم اور گلیوں کی مرمت وبحالی پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں مضافاتی آبادیوں میں سٹریٹ لائٹس، پارک اینڈ ہارٹیکلچر پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا، مریم نواز نے گلی محلوں میں نکاسی آب کا پائیدار نظام وضع کرنے کی ہدایت کر دی،اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا لاہور کے ہر علاقے میں بلاامتیاز ڈویلپمنٹ کرائی جائے، کوئی حصہ محروم نہ رہے، شہر کی کوئی گلی کچی نہ رہے، پانی کے نکاس کا پائیدار نظام بھی وضع کیا جائے، واسا، ایم سی ایل اور دیگر متعلقہ ادارے مربوط اور منظم انداز میں کام کریں، کسی گلی محلے میں کھڑے پانی سے عوام کو ہونے والی تکلیف برداشت نہیں، ٹوٹی گلیوں، محلوں اور سڑکوں پر کھڑا گندا پانی اور ابلتے گٹروں کو دیکھنا تکلیف دہ امر ہے، تمام ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔