شہباز شریف پارٹی صدارت سے مستعفی،گندم بحران کا نوٹس، ایم ڈی پاسکو سمیت2افسر معطل

لاہور ،اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ ) وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی صدارت سے استعفیٰ دےدیا،ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی عہدہ چھوڑ دیا، شہباز شریف نے اپنا استعفیٰ پارٹی قائد میاں نواز شریف کو ارسال کر دیا،پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 18 مئی کو لاہور میں طلب کیا گیا ہے جس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو پارٹی کا صدر منتخب کیا جائے گا،پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آئین کی شق 15کے تحت بلایا گیا ہے،قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں سے گندم کی خریداری کے معاملے پر غفلت برتنے پر 2 پاسکو افسران کو معطل کر نے کی ہدایت کر دی،وزیراعظم شہباز شریف نے گندم خریداری کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے ہدایات پر عمل نہ کرنے اور غفلت برتنے پر پاسکو کے منیجنگ ڈائریکٹر اور جنرل منیجر پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کی ہدایت کر دی،اس موقع پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گندم کی خریداری کے عمل کیلئے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نہ کرائی گئی؟ انہوں نے گندم خریداری کیلئے موبائل فون ایپلی کیشن تیار کرنے کی تاکید کی اور پاسکو کے سٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کی،جلاس کے شرکاءسے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کسانوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے، حکومت ملک میں غذائی تحفظ یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے، کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،اچھی کارکردگی دکھانے والے پاسکو مراکز اور افسران کا انتخاب کیا جائے گا اور ان کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی،دریں اثناءالعربیہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ملک کو سنگین چیلنجز درپیش ہیں، ہماری حکومت کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی ہے،میرا سعودی عرب کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب رہا، کسی بھی وزیراعظم کا سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ ایک روایت رہی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، پاک سعودی تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، دونوں برادر ممالک کی غم اور خوشی مشترک ہے، سعودی عرب کے اعلیٰ سطح حالیہ روابط سے معیشت میں بہتری آئے گی۔