ملک بھرمیں77مخصوص نشستیں معطل، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پر7اعتراضات عائد

اسلام آباد(بیورورپورٹ) الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر 77 اضافی مخصوص نشستیں معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوںسے 22 منتخب ارکان کی رکنیت معطل کی گئی، ان میں 19 خواتین اور 3 اقلیتی ارکان شامل ہیں،نوٹیفکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی سے 21 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان معطل ہوئے، پنجاب اسمبلی سے 24 خواتین اور 3 اقلیتی رکن معطل ہوئے،نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ اسمبلی سے 2 خواتین اور ایک اقلیتی رکن کو معطل کیا گیا،الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں خیبر پختوا سے مسلم لیگ ن کی4 ، جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن کی 2، پیپلز پارٹی کی 2 خواتین ارکان کی رکنیت معطل کی اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں مخصوص نشست پر پنجاب سے منتخب پیپلز پارٹی کی 2 اور مسلم لیگ ن کی 9 خواتین ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے،دوسری جانب پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن اور بلے کے نشان کی بحالی کا معاملہ بگڑ گیا، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 3 مارچ کو کرائے گئے انٹرا پارٹی الیکشنز پر 7 اعتراضات عائد کردئیے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی رجسٹریشن پر سوالات اٹھا دئیے، الیکشن کمیشن نے کہاپی ٹی آئی نے الیکشنز ایکٹ کے سیکشن 208 ایک کے تحت انٹرا پارٹی الیکشنز 5 سال میں نہیں کرائے،الیکشن کمیشن نے اعتراض اٹھایا ہے پی ٹی آئی کا انتظامی ڈھانچہ 5 سال سے نہیں ہے، اب بطور سیاسی جماعت کیا اسٹیٹس ہے؟ پی ٹی آئی نے سیکشن 202 پانچ کے تحت ان لسٹمنٹ کےلئے درکار ڈاکیومنٹس نہیں دئیے،الیکشن کمیشن نے سوال کیا پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی الیکشنز پر 5 درخواستوں پر کیا موقف ہے؟کیوں نہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی پر سیکشن 208 پانچ کے تحت کارروائی کرے؟