اداروں کی نجکاری ناگزیر،ٹیکس نیٹ بڑھانا آئی ایم ایف نہیں پاکستان کی ضرورت، پیچھے نہیں ہٹیں گے: وزیر خزانہ

لاہور: (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہاہے معاشی استحکام کیلئے اداروں کی نجکاری ناگزیر، ٹیکس نیٹ بڑھانا آئی ایم ایف نہیں پاکستان کی ضرورت ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، معاشی اشارئیے بہتر، مہنگائی میں کمی ،روپے کی قدر مستحکم ،بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے، آئی ایم ایف پروگرام بہت زیادہ اہم اور طویل ہوگا۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) اور بزنس ریکارڈر کے باہمی اشتراک سے منعقدہ ” پری بجٹ کانفرنس فنانشل ائیر2024-25“ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اورنگزیب نے کہا مشکلات سے نکلنا ہے تو پرائیویٹ سیکٹر کو لیڈ کرنا ہوگا، تنخواہ دار طبقہ بھی ٹیکس نیٹ میں شامل ہے، حکومت کا کام پالیسی بنانا، کام پرائیویٹ سیکٹر نے کرنا ہے، سٹر کچرل ریفارمز کی ضرورت ہے، زرمبادلہ ذخائر 9 بلین ڈالر سے زائد تجاوز کرگئے، روپے کی قدر مستحکم، افراط زر میں کمی آرہی ہے، حکومتی پالیسیوں کے باعث بیرونی سرمایہ کاروں کااعتماد بحال ہو رہا ہے، سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، آئی ایم ایف ٹیم پاکستان پہنچ چکی، مذاکرات شروع ہونے ہیں، 25، 26 فیصد شرح سود کےساتھ انڈسٹری کا فروغ ممکن نہیں ،آئندہ سال شرح سود میں کمی ہوجائےگی، ایف بی آر میں ریفارمز لا رہے ہیں، مکمل ڈیجٹلائزیشن کی طرف جارہے ہیں، محصولات میں اضافہ ہونے کےساتھ شفافیت آئےگی۔

اورنگزیب نے کہاٹیکس نیٹ میں اضافے کےلئے تمام بزنس کمیونٹی کو آن بورڈ لیں گے، سٹیٹ بینک سے درخواست ہے زراعت،آئی ٹی ،ایس ایم ایز کی فنانسنگ میں اضافہ کیا جائے، تاجر بھائی خود ٹیکس نیٹ میں آئیں، ہرطرح کی سہولیات فراہم کریں گے، معاملے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ملک میں معاشی استحکام چاہتے ہیں تو پرائیوٹائزیشن کی طرف جانا ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کرنٹ اکاونٹ، بجٹ خسارے کو ختم کرنا ہوگا۔ آئی ایم ایف وفد سے مختلف معاملات پر گفتگو ہوگی، ایف بی آر کا ٹریک اینڈ ٹریس بری طرح متاثر ہوا، آئی ایم ایف سے طویل پروگرام کےلئے مذاکرات ہوں گے، 24 ویں پروگرام کے دوران اگر سٹرکچر تبدیل نہ کیا تو 25 ویں پروگرام کی طرف جانا پڑیگا۔

ایف پی سی سی آئی عہدیداروں کے سوالات کا جوابات دےتے ہوئے اورنگزیب نے کہا مقامی و بیرونی سرمایہ کار کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، بجلی چوری کو روکنا ہو گا، ڈسکوزکے بورڈ کو تبدیل کردیا، نجی شعبے کے لوگوں کو شامل کررہے ہیں، زراعت و آئی ٹی سیکٹر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ یورپی، چینی و دیگر ممالک کے سرمایہ کار بھی پاکستان آ رہے ہیں، ایجنڈے میں نجکاری شامل ہے،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بھی ہوگی، مقامی سرمایہ کاروں کو بھی سہولیات دی جائےں گی۔

وزیر خزانہ نے کہا وزیراعظم شہبازشریف کی حکومت میں بہترین کام ہوا ،نگران حکومت کے دورکوبھی کریڈٹ جاتا ہے، شہباز حکومت اور نگران حکومت نے 9 ماہ کے معاہدے کواچھی طرح نبھایا، میکرو اکنامک استحکام نظر آرہا ہے، کہیں سے تو شروع کرنا ہوگا اگر شروع نہیں کریں گے تو ختم کیسے کریں گے، بین الاقوامی ہی نہیں قومی سرمایہ داروں کو بھی آن بورڈ لیں گے،نجکاری پراسحاق ڈار نے بھی میٹنگ چیئر کی، سب لوگ ایک پیج پر ہیں، اس موقع پر عاطف اکرام شیخ نے ایف پی سی سی آئی بجٹ تجاویزپیش کیں۔