جمہوریت ختم،آئین کی بحالی کیلئے ملک گیرمہم چلائیں گے،اپوزیشن اتحاد

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہاہے ملک میں جمہوریت ختم ، 7 مئی کی پریس کانفرنس غیر آئینی، غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز ہے، آئین توڑنے والے قوم سے معافی مانگیں،آئین کی بحالی کیلئے ملک گیر مہم چلائیں گے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اہم اجلاس محمود اچکزئی کی زیر صدارت ہوا،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ،اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا ،ساجد ترین، ثنا بلوچ ،اسد شیرازی ،اخونزادہ یوسفزئی نے بھی شرکت کی،اجلا س میں تحریک آگے بڑھانے، حقیقی آزادی کے حصول کےلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور،فیصل آباد ،کراچی کے جلسوں کےلئے انتظامیہ کےخلاف عدالت سے رجوع کرنے اور آئین کی بحالی کیلئے ملک گیر مہم چلانے سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔

اپوزیشن رہنماوں نے کہاعوامی اجتماعات کرنا آئینی قانونی و جمہوری حق ہے، جلسے ہر صورت کیے جائیں گے، ملک میں جمہوریت ختم ہو چکی ،آئین کےساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، تحریک آئین کی بحالی تک جاری رہے گی،تحفظ آئین پاکستان نے 7 مئی کی پریس کانفرنس کو غیر آئینی، غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز قرار دیتے ہوئے مسترد کر تے ہوئے کہاملک میں آئین توڑنے والوں کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔